لکی سیمنٹ کی کراچی پلانٹ کی پیداواری صلاحیت میں سالانہ 3.2 ملین ٹن اضافے کی منظوری
- توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان میں کمپنی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1 کروڑ 88 لاکھ ٹن سالانہ ہوجائے گی، قابلِ تجدید توانائی سے 60 فیصد ضروریات پوری کرنے کا ہدف
پاکستان کی بڑی سیمنٹ ساز کمپنیوں میں شامل لکی سیمنٹ نے کراچی میں واقع اپنے پلانٹ کی پیداواری صلاحیت میں سالانہ 3.2 ملین ٹن اضافے کی منظوری دے دی، اس توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان میں کمپنی کی نصب شدہ سیمنٹ پیداواری صلاحیت بڑھ کر سالانہ ایک کروڑ 88 لاکھ ٹن ہوجائے گی۔
کمپنی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمع کرائی گئی فائلنگ میں بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 28 اکتوبر کو توسیعی منصوبوں کی منظوری دی۔ ان منصوبوں پر دسمبر 2027 تک تجارتی بنیادوں پر کام شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ منصوبے کراچی پلانٹ میں اس وقت نصب کی جانے والی سیمنٹ گرائنڈنگ سہولت کے ساتھ مربوط ہوں گے۔
کمپنی کے مطبق منظور شدہ منصوبے مجموعی طور پر کمپنی کے کراچی پلانٹ کی پیداواری صلاحیت میں سالانہ 3.20 ایم ٹی پی اے اضافے پر مشتمل ہیں جو موجودہ پلانٹ میں توسیع کے ذریعے کیا جائے گا۔ ان منصوبوں کو کراچی پلانٹ میں اس وقت نصب کی جانے والی سیمنٹ گرائنڈنگ سہولت کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ منصوبوں کی تکمیل کے بعد کراچی پلانٹ کی نصب شدہ سیمنٹ پیداواری صلاحیت بڑھ کر سالانہ 8.55 ملین ٹن ہونے کی توقع ہے۔
اس توسیعی منصوبے کے بعد پیجو پلانٹ کی نصب شدہ سیمنٹ پیداواری صلاحیت کو شامل کرتے ہوئے پاکستان میں کمپنی کی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر سالانہ 18.80 ملین ٹن ہونے کی توقع ہے۔
کمپنی نے کہا کہ یہ توسیع ملک میں سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب اور برآمدی منڈیوں میں سیمنٹ اور کلنکر کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جارہی ہے۔
لکی سیمنٹ نے کراچی اور پیجو پلانٹس میں توانائی کے متعدد منصوبوں کی بھی منظوری دی ہے۔
ان میں کراچی پلانٹ پر مجموعی طور پر 22.5 میگاواٹ صلاحیت کی اضافی ونڈ ٹربائنز اور 10 میگاواٹ کا ویسٹ ہیٹ ریکوری (ڈبلیو ایچ آر) پلانٹ نصب کرنا شامل ہے۔
اس کے علاوہ پیجو پلانٹ میں 15 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ اور 15 میگاواٹ صلاحیت کا بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (بی ای ایس ایس) بھی نصب کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق، ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد سیمنٹ کی پیداوار کے لیے اس کی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت سے توانائی کی تقریباً 60 فیصد ضروریات پوری ہونے کی توقع ہے۔ اس میں کراچی پلانٹ کی پیداواری صلاحیت میں مجوزہ اضافے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی اضافی توانائی کی ضروریات بھی شامل ہیں۔
توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل مالی سال 2027 کی چوتھی سہ ماہی سے مالی سال 2028 کی دوسری سہ ماہی کے درمیان متوقع ہے۔
اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی فائلنگ کے مطابق، کراچی پلانٹ کی توسیع اور جمہوریہ کانگو میں واقع نیومبا یا اکِیبا (Nyumba Ya Akiba) پلانٹ میں جاری توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد، پاکستان اور بیرونِ ملک لکی سیمنٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر سالانہ 26.65 ملین ٹن ہونے کی توقع ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ موجودہ پلانٹ میں توسیعی منصوبے کی کامیاب تکمیل کے بعد، کمپنی کو توقع ہے کہ وہ پاکستان کی سب سے بڑی سیمنٹ ساز کمپنی اور سیمنٹ و کلنکر کی برآمد کنندہ کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرے گی جبکہ بیرونِ ملک اپنے آپریشنز کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کو بھی وسعت دیتی رہے گی۔






















Comments