ایس ای فروٹس کے آئی پی او میں انکشافات پر ایس ای سی پی کی تحقیقات شروع
- اس اقدام کا مقصد ممکنہ خامیوں کی نشاندہی اور ان کے ازالے کے لیے منظوری کے طریقۂ کار کا جائزہ لینا ہے
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے ابتدائی عوامی فروخت (آئی پی او) میں فراہم کردہ معلومات اور انکشافات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ کمیشن ممکنہ خامیوں کی نشاندہی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئی پی او کی منظوری کے طریقۂ کار کا بھی جائزہ لے گا۔
پیر کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق تحقیقات میں آئی پی او پراسپیکٹس میں فراہم کردہ معلومات کی درستگی اور تکمیل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ معلومات کی فراہمی میں کوئی اہم تفصیل چھپائی گئی، کوئی کمی یا غفلت ہوئی یا نہیں، اور اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
تحقیقات میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بطور ابتدائی نگران ادارے کردار، اجرا کے مشیر کی جانب سے کی گئی جانچ پڑتال، پراسپیکٹس کی تیاری اور اس میں درج معلومات کی درستگی کی تصدیق میں اس کے کردار، نیز کمپنی کے مالی گوشواروں کے آڈیٹر کے جائزے کا احاطہ کیا جائے گا۔
ایس ای سی پی آئی پی او درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے لیے اپنے داخلی طریقۂ کار کا بھی جائزہ لے گا۔
تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں آئی پی او کی جانچ اور منظوری کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ مجوزہ اصلاحات میں درست اور کافی معلومات کی فراہمی یقینی بنانا، آڈیٹرز اور مشیروں کی جواب دہی مضبوط کرنا، اہم معاملات کی بروقت نشاندہی اور رپورٹنگ، اور پی ایس ایکس اور ایس ای سی پی کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانا شامل ہے۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا، ’’ہر آئی پی او کے لیے معلومات کے واضح معیار، شفافیت، کڑی جانچ پڑتال اور جواب دہی کے تقاضے پورے کرنا لازمی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’جہاں کوتاہی ثابت ہوئی، وہاں سخت کارروائی کی جائے گی اور تحقیقات کے نتائج کو آئی پی او کے موجودہ نظام کی خامیاں دور کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد منظوری کا ایک سخت اور شفاف طریقۂ کار وضع کرنا ہے، جس میں کافی معلومات فراہم کی جائیں، سرمایہ کاروں کا تحفظ ہو اور سرمایہ حاصل کرنے کے خواہش مند مستند کاروباروں کی معاونت کی جا سکے۔‘‘
ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ تحقیقات کے نتائج عام کیے جائیں گے۔






















Comments