اسحاق ڈار کی اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین اور قیمتوں کی نگرانی کی ہدایت
- اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، نائب وزیراعظم
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کے ذخائر، فراہمی کے انتظامات اور قیمتوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر موجود ہیں، قیمتیں مستحکم ہونے کے باعث کسی قسم کی قلت کا خدشہ نہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو سپلائی چین اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔
انہوں نے زور دیا کہ اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور موسمیاتی تبدیلی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت اور متعلقہ وفاقی و صوبائی وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔






















Comments