ملائیشین پام آئل کے فیوچرز کی قیمتوں میں جمعرات کو کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مسلسل تین سیشنز سے جاری تیزی کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ دالیان اور شکاگو کی منڈیوں میں دیگر خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں کمی نے پام آئل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا جبکہ سرمایہ کار طلب کے تازہ رجحانات جاننے کے لیے برآمدات کے اعدادوشمار کے منتظر رہے۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں پام آئل کے دسمبر کے بینچ مارک معاہدے کی قیمت دوپہر کے وقفے پر 34 رنگٹ، یعنی 0.72 فیصد کمی کے بعد 4,666 رنگٹ (1,143.63 ڈالر) فی میٹرک ٹن رہی۔
کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر نے بتایا کہ خام پام آئل کے فیوچرز معاہدے (ایف سی پی او) کی قیمتوں پر دالیان کی منڈی میں کمزوری اور شکاگو میں سویا بین آئل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مرتب ہورہے ہیں جبکہ مارکیٹ برآمدات کے اعداد و شمار کی منتظر ہے۔ دالیان کی منڈی میں سویا بین آئل کے سب سے زیادہ فعال معاہدے کی قیمت 1.66 فیصد جبکہ پام آئل کے معاہدے کی قیمت 2.15 فیصد گرگئی۔
شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا بین آئل کی قیمتوں میں 0.64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پام آئل کی قیمتوں کا رجحان دیگر خوردنی تیلوں کی قیمتوں سے بھی جڑا ہوتا ہے کیونکہ عالمی نباتاتی تیلوں کی منڈی میں ان کے درمیان مارکیٹ میں حصے داری کے لیے مقابلہ جاری رہتا ہے۔
جمعرات کو تیل کی عالمی قیمتوں میں ایک فیصد سے زیادہ کمی ہوئی۔ سرمایہ کار آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملوں کے باعث رسد کو لاحق خطرات اور دوسری جانب امریکہ کی جانب سے جہازوں پر عائد پابندیوں میں نرمی کے ذریعے تیل کی ترسیل کے اخراجات کم کرنے کی کوششوں کے اثرات کا جائزہ لیتے رہے۔
خام تیل کے فیوچرز کی قیمتوں میں کمی سے پام آئل بائیو ڈیزل کی تیاری کے خام مال کے طور پر نسبتاً کم پُرکشش ہو جاتا ہے۔
ملائیشین پام آئل بورڈ کی ویب سائٹ پر بدھ کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق ملائیشیا نے نومبر کے لیے خام پام آئل کی حوالہ جاتی قیمت کم کردی، تاہم برآمدی ڈیوٹی 10 فیصد برقرار رکھی۔
پام آئل کی تجارت میں استعمال ہونے والی کرنسی ملائیشین رنگٹ کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 0.02 فیصد مضبوط ہوئی جس سے غیر ملکی کرنسی رکھنے والے خریداروں کے لیے پام آئل قدرے مہنگا ہو گیا۔























Comments