کمپیٹیشن کمیشن رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں مسابقتی مسائل کا جائزہ لے گا
- سی سی پی متعدد شکایات موصول ہونے پر 27 اگست کو اوپن ہیئرنگ کرے گا، جس میں صارفین، سرمایہ کاروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے تحفظات سنے جائیں گے
کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں گمراہ کن تشہیر اور دیگر مسابقتی خدشات کا جائزہ لینے جا رہا ہے، جن میں منصوبوں کی منظوری سے متعلق گمراہ کن دعوے اور خفیہ چارجز بھی شامل ہیں۔
مسابقتی امور کے نگران ادارے نے 27 اگست کو اوپن ہیئرنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے متعلق مسابقتی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ فریقین کا مؤقف سنا جائے گا۔ کمیشن نے صارفین، سرمایہ کاروں، ڈویلپرز، بلڈرز، رئیل اسٹیٹ ماہرین، صنعتی انجمنوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اپنے تجربات اور تحفظات براہِ راست کمیشن کے سامنے پیش کرنے کی دعوت دی ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق یہ سماعت سی سی پی کو رئیل اسٹیٹ شعبے میں گمراہ کن اور مسابقت مخالف طریقہ کار سے متعلق موصول ہونے والی متعدد شکایات کے پس منظر میں منعقد کی جا رہی ہے۔
سی سی پی نے کہا کہ کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ منصوبوں کی منظوری، خصوصیات، چارجز اور دیگر اہم معلومات سے متعلق دعوے سرمایہ کاری کے فیصلوں پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔
کمیشن کے مطابق جب صارفین غلط یا گمراہ کن معلومات کی بنیاد پر بڑی رقوم کی سرمایہ کاری کرتے ہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ اس لیے صارفین کو باخبر فیصلے کرنے اور منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے درست اور شفاف معلومات کی فراہمی ضروری ہے۔
کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 10 کے تحت گمراہ کن مارکیٹنگ کے طریقہ کار ممنوع ہیں، جن میں ایسی غلط یا گمراہ کن معلومات کی تشہیر بھی شامل ہے جو صارفین یا دیگر کاروباری اداروں کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہوں۔
یہ سماعت کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 29(سی) کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، جو کمیشن کو مسابقت سے متعلق معاملات پر اوپن ہیئرنگ منعقد کرنے کا اختیار دیتی ہے۔
سماعت میں شرکا کی جانب سے پیش کیے جانے والے مؤقف اور تحفظات کو ریکارڈ کیا جائے گا اور کمیشن اپنی رائے اور سفارشات مرتب کرتے وقت ان کا جائزہ لے گا۔
























Comments