پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ بننے جارہی ہے، محسن نقوی
- پاکستان سپر لیگ سرمایہ کاری کے لیے بہترین مارکیٹ بن کر ابھری، چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت اجلاس
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سرمایہ کاری کے لیے بہترین مارکیٹ کے طور پر ابھری ہے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ دنیا کی بہترین لیگ بن جائے گی۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے 82 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مالیاتی سال 2024-25 کے سالانہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے عالمی اینٹی کرپشن کوڈ کی روشنی میں پی سی بی کے طریقہ کار کے قواعد کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ تعاون کی خاطر اظہارِ دلچسپی(ای او آئی) کی بھی منظوری دی گئی۔ ساتھ ہی لاہور ریجن کی حدود کی روشنی میں زونز کی نئی حد بندیوں کی منظوری بھی دی گئی۔
بورڈ آف گورنرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر عبداللہ خرم نیازی کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین انوار احمد غنی، طارق سرور، عدنان ملک، سجاد کھوکھر، ظفر اللہ، اسماعیل قریشی، ظہیر عباس، سیکرٹری کابینہ، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر2026

























Comments