ارشد ندیم نے متحدہ عرب امارات میں گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ ایوارڈ جیت لیا
- وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ نے پاکستانی اولمپک جیولن چیمپئن کو ملک کا فخر قرار دیا
پاکستان کے اولمپک جیولن چیمپئن ارشد ندیم کو دبئی میں ہونے والے ورلڈ اسپورٹس سمٹ کے دوران گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دو روزہ یہ عالمی اسپورٹس سمٹ 29 اور 30 دسمبر کو منعقد ہو رہی ہے، جس میں 1,500 سے زائد کھلاڑی، اسپورٹس رہنما اور پالیسی ساز شریک ہیں۔ امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق سمٹ کا موضوع ’’کھیل کے ذریعے دنیا کو متحد کرنا‘‘ ہے، جس کے تحت کھیلوں کی صنعت کے مستقبل پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
نیوز چینلز پر نشر ہونے والی فوٹیج میں ارشاد ندیم کو ایوارڈ وصول کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر حکومتی عہدیداروں نے اس کامیابی پر ارشاد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عطااللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’’ارشد ندیم ہمارا فخر ہیں۔‘‘
ارشد ندیم نے اگست 2024 میں پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ جیولن تھرو میں پاکستان کا پہلا اولمپک طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ وہ اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں بھی تمغے حاصل کر چکے ہیں۔
نومبر 2025 میں ارشد ندیم نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے اسلامی یکجہتی کھیلوں میں 83.05 میٹر کی تھرو کے ساتھ ایک اور طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔



















Comments