طیارہ حادثے میں سابق ناسکار ڈرائیور گریگ بفل سمیت 7 افراد ہلاک
- طیارہ امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے اسٹیٹس وِل ریجنل ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہوا
نارتھ کیرولائنا کے شہر اسٹیٹس وِل میں سیسنا 550 بزنس جیٹ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں سابق ناسکار ڈرائیور گریگ بفل سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔
ناسکار حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ اسٹیٹس وِل ریجنل ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ نارتھ کیرولائنا ہائی وے پیٹرول کے مطابق امکان ہے کہ گریگ بفل اور ان کے قریبی اہلِ خانہ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں، تاہم شدید آگ لگنے کے باعث تاحال باقاعدہ شناخت مکمل نہیں ہو سکی۔ طیارہ ایک ایسی کمپنی کے نام پر رجسٹرڈ تھا جو گریگ بفل سے منسلک بتائی جاتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل ایگزامنر کے دفتر سے تصدیق مکمل ہونے کے بعد طیارے میں سوار ساتوں افراد کی فہرست جاری کی جائے گی۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق طیارہ فلوریڈا جا رہا تھا، تاہم شدید خراب موسم کے باعث ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد صبح تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر واپس اسٹیٹس وِل ایئرپورٹ آنے کی کوشش کی، اسی دوران حادثہ پیش آیا۔
مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں رن وے پر طیارے کے ملبے کے درمیان شدید آگ دیکھی جا سکتی ہے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی ٹیم روانہ کر دی ہے، جو جمعہ کے روز میڈیا کو بریفنگ دے گی۔
55 سالہ گریگ بفل نے 20 سالہ کیریئر میں ناسکار کپ سیریز کی 19 ریسیں جیتیں۔ ان کی آخری ریس 2022 میں ٹالاڈیگا میں منعقد ہونے والی جائیکو 500 تھی۔ 2023 میں انہیں ناسکار کے 75 عظیم ترین ڈرائیورز میں شامل کیا گیا۔
























Comments