وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
- ہم نے علاقائی اور دوطرفہ امور پر تفصیلی اور مثبت گفتگو کی، محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے وزیر داخلہ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کے درمیان دوحہ، قطر میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال ہوا، جن میں علاقائی اور دوطرفہ معاملات شامل تھے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ان کی قطری ہم منصب کے ساتھ نہایت مفید ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقائی اور دوطرفہ امور پر تفصیلی اور مثبت گفتگو کی، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون میں اضافہ، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ کاوشیں، کوسٹ گارڈ کے مابین رابطے کو مضبوط بنانا اور دیگر کئی باہمی دلچسپی کے شعبے شامل تھے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے قطری وزیر النعیمی کا شکریہ ادا کیا جو اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے لیے جدید ترین فائرنگ رینج کے قیام میں تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جلد انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔
محسن نقوی جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، اس وقت قطر میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایک روز قبل اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025 میں بھی شرکت کی۔
پاکستان شاہینز نے اتوار کے روز ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش ‘اے’ کو سپر اوور میں شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
























Comments
Comments are closed.