وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سال 2023-24 کے دوران سولر پینلز میں استعمال ہونے والے فوٹو وولٹائک سیل کی درآمد پر سیلز ٹیکس چھوٹ کی مد میں 102 ارب روپے کے محصولی نقصان کی نشاندہی کی۔
ایف بی آر کی تازہ ترین ٹیکس اخراجات رپورٹ 2025 کے مطابق، سیلز ٹیکس ایکٹ کے چھٹے شیڈول کے تحت فوٹو وولٹائک سیل کی درآمد پر چھوٹ سے نہ صرف صنعتی شعبے بلکہ عام صارفین پر بھی اثر پڑا، چاہے یہ سیلز ماڈیولز میں اسمبل کیے گئے ہوں یا سولر پینلز کی تیاری کے لیے استعمال کیے گئے ہوں۔
گذشتہ بجٹ (2025-26) میں حکومت نے سولر پینلز کی درآمد پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا تھا، جس پر کافی بحث بھی ہوئی۔ جائزے کے بعد معلوم ہوا کہ سولرائزیشن میں استعمال ہونے والے اجزاء میں سے 54 فیصد پہلے ہی موجودہ نظام کے تحت محصول کے دائرہ کار میں شامل تھے اور 18 فیصد جی ایس ٹی صرف باقی 46 فیصد پر لاگو ہو رہی تھی۔ تاہم باہمی مشاورت کے بعد حکومت نے جی ایس ٹی کو 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کر دیا۔
اس کے علاوہ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن، کراچی نے تمام ماخذ کے سولر پینلز کی درآمد پر کسٹمز ویلیو کو فی واٹ 0.08 سے 0.09 امریکی ڈالر تک کم کر دیا ہے، تاکہ درآمدات پر بوجھ کم کیا جا سکے اور سولر سیکٹر کی ترقی میں سہولت فراہم ہو۔

























Comments
Comments are closed.