اوپیک پلس کی پیداوار میں غیر متوقع اضافہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
- برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 80 سینٹ یا 1.2 فیصد کمی کے ساتھ فی بیرل 67.50 ڈالر پر آ گئی
پیر کے روز عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 1 فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی، کیونکہ اوپیک پلس نے اگست میں توقع سے زیادہ پیداوار بڑھانے کا اعلان کر کے مارکیٹ کو حیران کر دیا، جس سے رسد میں اضافے اور قیمتوں میں مزید کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 80 سینٹ یا 1.2 فیصد کمی کے ساتھ فی بیرل 67.50 ڈالر پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 1.32 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے ساتھ 65.68 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
اوپیک پلس، جو کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اس کے اتحادیوں پر مشتمل ہے، نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ وہ اگست میں پیداوار میں 548,000 بیرل یومیہ (بی پی ڈی) اضافہ کرے گا۔ یہ اضافہ مئی، جون اور جولائی کے لیے طے شدہ 411,000 بیرل یومیہ اضافے اور اپریل کے 138,000 بیرل یومیہ اضافے سے کہیں زیادہ ہے۔
ایونز انرجی کے تجزیہ کار ٹِم ایونز کے مطابق، پیداوار میں یہ اضافہ مارکیٹ شیئر کے لیے جارحانہ مسابقت کو ظاہر کرتا ہے اور اس کے نتیجے میں قیمتوں اور آمدنی میں کمی کو برداشت کرنے کی آمادگی بھی ظاہر کرتا ہے۔
اوپیک پلس نے عالمی معیشت کے مستحکم منظرنامے، مضبوط مارکیٹ بنیادوں اور کم تیل ذخائر کو پیداوار بڑھانے کی وجوہات کے طور پر پیش کیا ہے۔
آر بی سی کیپٹل کے تجزیہ کاروں، جن کی قیادت ہیلیما کروفٹ کر رہی ہیں، کے مطابق، یہ فیصلہ آٹھ اوپیک ممالک کی جانب سے کی گئی 2.2 ملین بیرل یومیہ رضاکارانہ کٹوتیوں میں سے تقریباً 80 فیصد دوبارہ مارکیٹ میں واپس لانے کا باعث بنے گا۔ تاہم اب تک اصل پیداوار میں اضافہ منصوبہ بندی سے کم رہا ہے، اور زیادہ تر رسد سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی گئی ہے۔
تیل کی طلب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے، سعودی عرب نے اتوار کے روز ایشیا کے لیے اگست میں اپنی اہم عرب لائٹ خام تیل کی قیمت کو چار ماہ کی بلند ترین سطح پر لے جایا۔
گولڈمین سیکس کے تجزیہ کاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ اوپیک پلس 3 اگست کو ہونے والے اگلے اجلاس میں ستمبر کے لیے 550,000 بیرل یومیہ حتمی اضافہ بھی اعلان کرے گا۔
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ امریکہ آئندہ چند دنوں میں کئی تجارتی معاہدے حتمی شکل دینے کے قریب ہے اور وہ 9 جولائی تک دیگر ممالک کو ٹیرف ریٹس میں اضافے سے آگاہ کر دے گا۔ یہ بلند نرخ یکم اگست سے نافذ ہوں گے۔

























Comments
Comments are closed.