ہفتہ رفتہ: مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.73 فیصد اضافہ ریکارڈ
- ایک ہفتے کے دوران 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6 سستی اور 27 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا
ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.73 فیصد اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق 3جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مرغی کی قیمتوں میں 13.05 فیصد، پیاز میں 11.62 فیصد، ٹماٹر میں 11.09 فیصد، لہسن میں 5.40 فیصد، ڈیزل میں 3.94 فیصد، آلو میں 3.58 فیصد، پٹرول میں 3.22 فیصد، چینی میں 1.27 فیصد، پکائی ہوئی دال میں 0.60 فیصد، گڑ میں 0.41 فیصد، دہی میں 0.37 فیصد، اور پاؤڈر دودھ میں 0.29 فیصد اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح منفی 2.06 فیصد ریکارڈ ہوئی جو ٹماٹر کی قیمتوں میں 61.42 فیصد، پیاز میں 53.71 فیصد، پہلے سہ ماہی کے بجلی کے بلوں میں 37.62 فیصد، لہسن میں 24.29 فیصد، گندم کے آٹے میں 23.62 فیصد، ماش کی دال میں 20.27 فیصد، لپٹن چائے میں 17.93 فیصد، آلو میں 16.06 فیصد، مسور کی دال میں 8.43 فیصد، چاول (ایری-6/9) میں 4.23 فیصد، مرچ پاؤڈر میں 3.97 فیصد اور روٹی میں 1.72 فیصد کمی کی بدولت ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی سالانہ رپورٹ کے مطابق خواتین کی چپلوں کی قیمتوں میں 55.62 فیصد، چینی میں 27.78 فیصد، مونگ میں 20.59 فیصد، پاؤڈر دودھ میں 16.01 فیصد، گوشت بیف میں 15.45 فیصد، 2.5 کلو سبزی گھی میں 12.73 فیصد، 1 کلو سبزی گھی میں 12.34 فیصد، گڑ میں 11.44 فیصد، لکڑی کے ایندھن میں 10.70 فیصد، لان کپڑوں میں 10.51 فیصد، پکی ہوئی دال میں 9.25 فیصد اور پکا ہوا بیف میں 8.57 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دوسری طرف ہفتہ وار بنیاد پر درج ذیل اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے: لیکوئفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت 8.53 فیصد، کیلے 3.36 فیصد، انڈے 0.59 فیصد، سرسوں کے تیل 0.37 فیصد، مونگ 0.30 فیصد اور چنا دال 0.29 فیصد کم ہوئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6اشیا سستی اور 27 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
17,732 روپے کمانے والوں کے لئے ایس پی آئی میں 0.74 فیصد اضافہ ہوا جو 299.39 پوائنٹس سے بڑھ کر 301.6 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
17,732 سے 22,888 روپے تک کمانے والوں کے لئے کے ایس پی آئی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ ہفتے کے 295.28 پوائنٹس کی بجائے 297.63 پوائنٹس پر ریکارڈ کیا گیا۔ 22,889 سے 29,517 کی آمدنی والے گروپ کے لیے ایس پی آئی میں 0.72 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ ہفتے کے 319.56 پوائنٹس کے مقابلے 321.87 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ 29,518 سے 44,175 کے آمدنی والے گروپ کے لیے ایس پی آئی میں 0.76 فیصد اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ ہفتے کے 310.03 پوائنٹس سے بڑھ کر 312.40 پوائنٹس ہو گیا اور44,175 سے زائد ماہانہ آمدنی والے گروپ کے لیے ایس پی آئی میں 0.70 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ ہفتے کے 312.83 پوائنٹس کے مقابلے 315.02 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔
Comments