عالمی منڈی میں جمعہ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں معمولی تبدیلی دیکھی گئی، کیونکہ امریکی لیبر مارکیٹ کے مضبوط اعداد و شمار نے فیڈرل ریزرو کے لیے شرح سود کو برقرار رکھنے کے امکان کو تقویت دی، جبکہ سرمایہ کار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کے منصوبوں سے متعلق وضاحت کے منتظر ہیں۔

برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 1 سینٹ یعنی 0.01 فیصد اضافے سے 68.81 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ 3 سینٹ یعنی 0.04 فیصد اضافے کے ساتھ 67.03 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ امریکی یوم آزادی کی تعطیل کے باعث کاروباری حجم نسبتاً کم رہا۔

جمعرات کو جاری ہونے والے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، جون میں امریکی کمپنیوں نے توقعات سے زیادہ یعنی 147,000 نوکریاں فراہم کیں، جبکہ بے روزگاری کی شرح غیر متوقع طور پر کم ہو کر 4.1 فیصد تک آ گئی۔ ان اعداد و شمار نے معیشت کی مضبوطی کو ظاہر کیا ہے، حالانکہ عالمی سطح پر تجارتی ٹیرف سے متعلق بے یقینی اور اقتصادی دباؤ بدستور موجود ہے۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو ریاست آئیووا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جمعہ سے امریکہ مختلف ممالک کو خطوط ارسال کرے گا جن میں ان پر عائد کیے جانے والے ٹیرف کی تفصیلات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار 10 ممالک کو خطوط بھیجے جائیں گے جن میں 20 سے 30 فیصد تک کے ٹیرف شرحوں کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ پیش رفت اس پالیسی سے ہٹ کر ہے جس کے تحت امریکہ انفرادی دوطرفہ معاہدوں پر زور دیتا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف میں اضافے پر 90 روزہ توقف کی مدت 9 جولائی کو ختم ہو رہی ہے، اور اب تک کئی اہم تجارتی شراکت دار ممالک، بشمول یورپی یونین اور جاپان، امریکہ سے کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کر پائے۔

ادھر، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے اوپیک پلس گروپ نے اگست کے لیے یومیہ 411,000 بیرل تیل کی پیداوار بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق گروپ کے چار نمائندوں نے بتایا کہ اوپیک پلس مارکیٹ میں اپنا حصہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے یہ اقدام کرے گا۔

علاوہ ازیں، امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کو ایرانی تیل کو عراقی تیل ظاہر کر کے اسمگل کرنے والے نیٹ ورک اور حزب اللہ سے منسلک ایک مالیاتی ادارے پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

بارکلیز نے جمعرات کو اعلان کیا کہ بہتر طلب کی توقعات کے پیش نظر اس نے 2025 کے لیے برینٹ آئل کی قیمت کا تخمینہ 6 ڈالر بڑھا کر 72 ڈالر فی بیرل اور 2026 کے لیے 10 ڈالر بڑھا کر 70 ڈالر فی بیرل کر دیا ہے۔

Comments

200 حروف