اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے پیٹرولیم لیوی (پی ایل) کے بھاری نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس اہم معاملے پر مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے فوری مشاورت کریں۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر کے سیکریٹری جنرل عبدالعلیم نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو لکھے گئے ایک خط میں ان تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز انویسٹرز چیمبر پاکستان میں 200 سے زائد بڑے غیر ملکی سرمایہ کار اداروں کی نمائندگی کرتا ہے، جن میں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم انرجی سیکٹر کی 30 سے زیادہ بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے: یکم جولائی 2025 سے فرنس آئل پر فی میٹرک ٹن 82,077 روپے کی پیٹرولیم لیوی نافذ کی جا رہی ہے، جو کہ موجودہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی (سی ایس ایل) 2,665 روپے فی ٹن کے علاوہ ہوگی۔ اس سے فرنس آئل کی قیمت میں تقریباً 80 فیصد اضافہ متوقع ہے، جو کئی اہم صنعتی شعبوں کے لیے فرنس آئل کو معاشی طور پر ناقابل استعمال بنا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز انویسٹرز چیمبر حکومت کے محصولات میں اضافے اور ماحولیاتی پائیداری کے وسیع تر مقاصد کی حمایت کرتا ہے، مگر ایسے بڑے اقدامات سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہ ہونے پر تشویش ہے۔

ایسی اچانک مالیاتی تبدیلیاں صنعتی شعبے میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرتی ہیں، مسابقت کو متاثر کرتی ہیں، مقامی پیداوار کو کمزور کرتی ہیں، اور قومی ٹیکس آمدن پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر نے تجویز دی ہے کہ حکومت ایک مستقل، پیشگی اور تدریجی پالیسی اپروچ اپنائے۔ کاروباری اداروں کو مناسب وقت دینا ضروری ہے تاکہ وہ منصوبہ بندی، اثرات کا جائزہ اور ضروری تبدیلیاں ترتیب سے لاگو کر سکیں۔ اس کے برعکس، اچانک پالیسی تبدیلیاں کاروباروں کو غیر متوقع طور پر ردعمل دینے پر مجبور کرتی ہیں، جو طویل مدتی ترقی پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی تبدیلیوں کے نفاذ سے پہلے اور بعد میں جامع مشاورت پر مبنی ایک واضح فریم ورک تشکیل دینا چاہیے تاکہ کاروباری اعتماد اور طویل مدتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر نے اس معاملے پر فوری طور پر متعلقہ حکام، بشمول مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، سے بامقصد مشاورت کا مطالبہ کیا تاکہ مالیاتی اصلاحات صنعتی ترقی، مسابقت اور معاشی استحکام کے مشترکہ مقاصد کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوں۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر نے یہ خط وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر رشید محمود لانگریال کو بھی ارسال کیا ہے۔

Comments

200 حروف