پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد خلیجی ممالک کے متعدد مقامات کیلئے اپنی شیڈول پروازیں دوبارہ شروع کردیں۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی خلیجی/سعودی عرب کے ممالک کے لیے پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ جنگ بندی اب نافذ العمل ہے، براہِ کرم اس کی خلاف ورزی نہ کریں۔
یاد رہے کہ پیر کو قومی ایئرلائن نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث حفاظتی اقدام کے طور پر خلیجی ممالک جن میں قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی تھیں۔
اس وقت پی آئی اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہمارے مسافروں کی سلامتی اور فلاح اولین ترجیح ہے۔ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور جیسے ہی سیکیورٹی حالات اجازت دیں گے پروازوں کا سلسلہ بحال کردیا جائے گا۔
اس اقدام سے سیکڑوں مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے تھے۔
یہ فیصلہ ایران-اسرائیل کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی علاقائی بے چینی کی لہر کے بعد کیا گیا، جس دوران میزائل حملے، فضائی حدود کی پابندیاں اور جوابی دھمکیاں دیکھی گئیں۔ خلیجی ممالک میں ہوا بازی کے اداروں نے الرٹ کی سطح بلند کردی جس کے باعث کئی بین الاقوامی ایئرلائنز نے اپنی پروازیں مؤخر یا تبدیل کر دیں۔
اس سے قبل منگل کی شام پی آئی اے کا ایک خصوصی طیارہ پشاور سے اشک آباد روانہ کیا گیا تاکہ وہاں پھنسے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لایا جا سکے۔ یہ مسافر ایرانی فضائی حدود کی عارضی بندش اور تجارتی پروازوں کی عدم دستیابی کے باعث سفر نہیں کرسکے تھے۔























Comments
Comments are closed.