لبنان کی معروف کمپنی فیراؤن انویسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ (اے سی پی ایل) میں اپنے حصص کی اسٹریٹجک فروخت پر غور کررہی ہے جس نے سیمنٹ اور توانائی شعبے کی کئی بڑی کمپنیوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق دلچسپی ظاہر کرنے والوں میں چیراٹ سیمنٹ اور بیسٹ وے گروپ جیسے اہم صنعتی ادارے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی بڑی سیمنٹ ساز کمپنیاں، جن میں چیراٹ اور بیسٹ وے شامل ہیں، اٹک سیمنٹ میں حصص خریدنے کیلئے سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔ دوسری جانب توانائی شعبے سے کوٹ ادو پاور کمپنی بھی اے سی پی ایل کا جائزہ لے رہی ہے اور ممکنہ طور پر فوجی سیمنٹ جیسے مقامی تعمیراتی مٹیریل بنانے والے ادارے کے ساتھ مشترکہ پیشکش دینے کا امکان ہے۔
قبل ازیں فیراؤن انویسٹمنٹ گروپ نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا تھا کہ چند ممکنہ سرمایہ کاروں نے اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ (اے سی پی ایل) میں اس کے حصص خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور باضابطہ پیشکش جمع کرانے کے ارادے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
فیراؤن انویسٹمنٹ گروپ لمیٹڈ نے بتایا کہ اٹک سیمنٹ میں حصص کی فروخت کے عمل کیلئے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کو مالی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فیراؤن انویسٹمنٹ گروپ پاکستان میں سیمنٹ شعبے میں اپنی سرمایہ کاری کے حوالے سے ممکنہ فروخت سمیت مختلف اسٹریٹجک آپشنز پر غور کر رہا ہے تاکہ بہتر کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ 14 اکتوبر 1981 کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کی گئی۔
کمپنی کا بنیادی کاروبار سیمنٹ کی تیاری اور فروخت ہے۔























Comments
Comments are closed.