44 ارب جرمانے ، شوگر ملز کی اپیل دوبارہ سماعت کیلئے سی سی پی کو بھیج دی گئی
کمپٹیشن اپلیٹ ٹریبونل (سے ای ٹی ) نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) اور اس کی رکن ملوں کے مقدمے کو دوبارہ سماعت کیلئے مسابقی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کو واپس بھیج دیا۔
سی سی پی کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایم اے اور اس کی رکن ملوں کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں کی سماعت کے دوران کیا گیا۔ اپنے حکم میں، سی اے ٹی نے ہدایت دی کہ اس معاملے کی دوبارہ سماعت کمیشن کی چیئرپرسن یا کسی ایسے رکن کے ذریعے کی جائے جو پہلے دی گئی متضاد آراء میں سے کسی پر بھی دستخط کنندہ نہ ہو۔
یہ بھی ہدایت دی گئی کہ ممکنہ طور پر 90 روز کے اندر اندر حتمی فیصلہ جاری کیا جائے۔ ٹربیونل کے حکم کے مطابق، چیئرمین یا مقرر کردہ رکن کا فیصلہ اس معاملے کو حتمی انجام تک پہنچائے گا اور پی ایس ایم اے اور اس کے ممبر شوگر ملز کی جانب سے کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزیوں کا تعین کرے گا۔
سنہ 2021 میں، سی سی پی نے 55 شوگر ملز اور پی ایس ایم اے پر تقریباً 44 ارب روپے (تقریباً 265 ملین امریکی ڈالر سے زائد) کا سب سے بڑا جرمانہ عائد کیا تھا جس پر الزام تھا کہ انہوں نے کارٹیل سازی کی، غیر مسابقتی سرگرمیاں انجام دیں اور برآمدات کی مقدار اجتماعی طور پر طے کی۔
سی سی پی کے 4 رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا جس میں اراکین کے خیالات یکساں طور پر منقسم تھے۔
چیئرپرسن راحت کونین حسن اور مجتبٰی لودھی نے جرمانہ عائد کرنے کی حمایت کی جب کہ بشریٰ ناز ملک اور شائستہ بانو نے اختلافی رائے دی۔
جمود ختم کرنے کے لیے، سابق چیئرپرسن نے 13 اگست 2021 کو قانون کے مطابق کاسٹنگ ووٹ دیا، جس سے فیصلہ اکثریتی ہو گیا اور جرمانہ برقرار رہا۔
راحت کے اس فیصلے کی قانونی درستگی اپیلوں میں سب سے بڑا مسئلہ بنی۔
آج اپنے فیصلے میں کیٹ نے حکم دیا ہے کہ کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت نیم عدالتی کارروائیوں میں چیئرمین کو کاسٹنگ ووٹ دینے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔
نتیجتاً، چیئرمین کی وہ رائے جو کاسٹنگ ووٹ کی بنیاد پر دی گئی تھی، مسترد کر دی گئی ہے۔






















Comments
Comments are closed.