پاکستان

بجٹ تیاریوں کے دوران آئی ایم ایف وفد کی شہباز شریف سے ملاقات

  • انٹرنیشنل مانیٹر فنڈ پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کی حمایت جاری رکھے گا
شائع May 22, 2025
IMF delegation meets PM Shehbaz as Islamabad prepares Budget FY26

وزیر اعظم شہباز شریف سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان کے معاشی اصلاحات کے منصوبے کا جائزہ لینا تھا۔ یہ ملاقات آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش ہونے سے چند روز قبل کی گئی ہے۔

وزیر اعظم اور آئی ایم ایف کے وفد کے درمیان یہ ملاقات جمعرات کو ہوئی آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد اعزور نے فنڈ کے وفد کی قیادت کی۔

وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال، اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصلاحات پر ہونے والی پیش رفت پر بات ہوئی اور اب تک حاصل ہونے والے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت ادارہ جاتی اصلاحات اور مجموعی معیشت میں بہتری کے لیے اصلاحات کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ادھر، وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق، آئی ایم ایف کے وفد نے بھی پاکستان میں جاری اصلاحات، معاشی استحکام اور ترقی کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

مارچ میں آئی ایم ایف کے عملے نے پاکستان کے ساتھ ایک نئے 1.3 ارب ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا اور جاری 37 ماہ کے بیل آؤٹ پروگرام کا پہلا جائزہ بھی منظور کیا تھا۔

جولائی 2024 میں پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا جو کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے تحت 5,320 ملین ایس ڈی آر (تقریباً 7 ارب امریکی ڈالر) کے برابر تھا۔ بعد ازاں ستمبر کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اس کی منظوری دے دی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ پروگرام پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ یہ حکومت کو معاشی اصلاحات کے لیے ایک واضح راستہ فراہم کرتا ہے اور ساتھ ہی ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دیتا ہے۔

پاکستان مالی سال 2025-26 کا وفاقی بجٹ 2 جون 2025 کو پیش کرنے جا رہا ہے۔

Comments

200 حروف