لکی سیمنٹ لمیٹڈ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس کا نیا کلنکر لائن منصوبہ، نجمت السموہ (این اے ایس) میں، جو کہ سماوہ، عراق میں واقع ہے، 13 مئی سے عملی طور پر فعال ہو چکا ہے۔
یہ بات کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں بتائی۔
مئی 2023 میں، لکی اور عراق کے الشموخ گروپ نے سماوہ، عراق میں 18 لاکھ 20 ہزار ٹن سالانہ (1.82 ملین ٹن) پیداواری صلاحیت کے ساتھ نئی کلنکر لائن شامل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
کمپنی نے کہا کہ ہم یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ مذکورہ کلنکر لائن کے لیے بھٹے کو 13 مئی 2025 کو کامیابی سے جلا دیا گیا ہے۔
ساتھ ہی، کمپنی نے پی ایس ایکس کو دیے گئے نوٹس میں یہ بھی بتایا کہ این اے ایس میں ایک نئے سیمنٹ گرائنڈنگ پلانٹ کی تعمیر جاری ہے، جس کی سالانہ پیداواری صلاحیت 6 لاکھ 50 ہزار ٹن ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، اور اس سیمنٹ لائن کو مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔
کمپنی نے کہا کہ کلنکر کی پیداواری صلاحیت میں یہ توسیع عراق میں اس کے مارکیٹ شیئر میں اضافہ کرے گی، کیونکہ سیمنٹ گرائنڈنگ پلانٹ کے فعال ہونے کے بعد مقامی مارکیٹ کو سیمنٹ کی فراہمی میں اضافہ ممکن ہوگا۔
، کمپنی نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ، اس فیکٹری میں پیدا ہونے والا اضافی کلنکر عراق کے اندر ہی فروخت کیا جائے گا۔
لکی سیمنٹ لمیٹڈ جو 1993 میں پاکستان میں قائم ہوئی، ایک متنوع کاروباری پورٹ فولیو رکھتی ہے، جس میں مقامی اور بین الاقوامی سیمنٹ آپریشنز کے علاوہ آٹوموبائل، کیمیکلز اور زرعی سائنسز، موبائل فون اسمبلنگ، اور انرجی کے شعبے شامل ہیں۔
Comments