بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے وقت ملک میں کرکٹ کا ٹورنامنٹ جاری رہنا مناسب بات نہیں۔
آئی پی ایل انتظامیہ نے جمعرات کو ایونٹ معطل کرنے کا فیصلہ پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ کو پہلے اننگز کے دوران ہی کیا۔
دریں اثنا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے باقی میچز سیکورٹی خدشات کے پیش نظر متحدہ عرب امارات منتقل کر دیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ پی سی بی عہدیداروں، فرنچائز کے نمائندوں اور کھلاڑیوں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا اور اس فیصلے کے ایک دن بعد ہی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان شیڈول میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کردیے گئے ہیں۔
میچز سے متعلق تازہ ترین پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی فوج نے جمعرات کو بھارت کی جانب سے بھیجے گئے اسرائیلی ساختہ 25 ہارپ ڈرونز کو مار گرایا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی سافٹ کل (ٹیکنیکل) اور ہارڈ کل (ہتھیاروں سے لیس) مہارت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے اسرائیلی ساختہ 25 ہارپ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 6/7 مئی کو بھارت کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں 5 جدید طیارے، ڈرونز، متعدد چوکیوں کی تباہی اور متعدد فوجی ہلاکتوں کے بعد بھارت اب ان اسرائیلی ساختہ ہارپ ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کا ایک ڈرون لاہور میں فوجی ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی فوجی اہلکار زخمی اور کچھ کو نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ میانو میں ایک شہری شہید ہوا۔
Comments