اسٹاک مارکیٹ: جزوی بحالی کے باوجود 100 انڈیکس 3,500 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند
- جوہری ہتھیاروں سے لیس بھارت اور پاکستان کے درمیان 2 عشروں سے زیادہ عرصے میں شدید ترین لڑائی چھڑگئی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کے آغاز میں ہی بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ساڑھے 6 ہزار پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی تاہم بعد کے گھنٹوں میں جزوی طور پر بحالی کے باوجود انڈیکس میں 3 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے آغاز میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں تیزی سے 6 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس انٹرا ڈے کے دوران کم ترین سطح 1 لاکھ 7 ہزار 7.68 پوائنٹس تک گرگیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک 100 انڈیکس 3,559.48 پوائنٹس یا 3.13 فیصد کی کمی سے 110,009.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔
تمام اہم شعبوں میں وسیع پیمانے پر فروخت کا دباؤ دیکھا گیا، جن میں کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں۔
انڈیکس میں زیادہ حصہ رکھنے والے اسٹاکس جیسے او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، حبکو، ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی مندی میں ٹریڈ ہوئے۔
جے ایس گلوبل کے ہیڈ آف ریسرچ وقاص غنی نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 4500 سے زائد پوائنٹس کی تیزی سے واپسی مارکیٹ کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، جو مضبوط معاشی بنیادوں اور توقعات کی وجہ سے ہے کیونکہ امریکی وزیر خارجہ کے بیان کے بعد تناؤ میں تیزی سے کمی آئے گی۔
ادھر ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ تازہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بڑی جنگ کا امکان نہیں، صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس کے بارے میں پرامید ہیں، جو پاکستان کے لیے قرض کی قسط کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے شدید جھڑپیں پھوٹ پڑی ہیں، جن میں کشمیر کی سرحد پر گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے، جبکہ بھارت نے پاکستان کے اندر اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی میزائل حملے میں 26 پاکستانی شہید اور 45 زخمی ہوگئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد سمیت مختلف مقامات پر داغے گئے جب کہ اس نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی حملہ کیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلومبرگ کو بتایا کہ پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کے پانچ طیاروں کو مار گرایا جن میں تین رافیل، ایک مگ 21 اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی سہ پہر کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ حملے، جو پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کیے گئے، ”شرمناک“ ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کو پی ایس ایکس میں منفی سیشن دیکھنے میں آیا اور اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 534 پوائنٹس کی کمی سے 113,568.51 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی سطح پر بدھ کو امریکی اسٹاک فیوچرز اور چینی مارکیٹوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا کیونکہ سرمایہ کاروں نے امریکہ اور چین کے اعلیٰ تجارتی حکام کے درمیان مجوزہ ملاقات کو محصولات میں کمی کا موقع قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی چین نے سود کی شرح میں کمی کی اور اسٹاک مارکیٹوں کی حمایت کا عزم ظاہر کیا۔
ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں تقریبا 0.9 فیصد اور ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا۔ چائنا بلیو چپس میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا۔
ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں تقریباً 0.9 فیصد کا اضافہ ہوا جب کہ ہانگ کانگ کا ہانگ سینگ انڈیکس صبح کے وسط تک 1.7 فیصد بڑھا۔ چین کے بلیو چپس میں 0.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔
بدھ کو چین کے مرکزی بینک کے گورنر نے اپنے بینچ مارک سود کی شرح میں 10 بیسس پوائنٹس کی کمی اور بینکوں کے ریزرو کی ضروریات میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کا اعلان کیا، جس سے بینکاری نظام میں مزید نقدی آ گئی۔
اسی دوران مالیاتی ریگولیٹر نے انشورنس سرمایہ کاری کو اسٹاک مارکیٹ میں بھیجنے کے لیے وسیع اسکیم کا اعلان کیا اور پراپرٹی مارکیٹس کی حمایت کے لیے مزید اقدامات کرنے کا وعدہ کیا جسے سرمایہ کاروں نے حکام کی مشترکہ کوششوں کا اشارہ سمجھا۔























Comments
Comments are closed.