الائیڈ بینک لمیٹڈ (اے بی ایل)نے پہلی سہ ماہی 2025 کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ 4 روپے فی حصص عبوری نقد منافع بھی دیا گیا ہے۔ جیسا کہ توقع کی جا رہی تھی، بینک کے منافع کو شدید دھچکا لگا ہے — جس کی بنیادی وجہ اوسط شرحِ سود میں تیزی سے کمی ہے، اور اس کے ساتھ مؤثر ٹیکس شرح میں اضافے نے بھی گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مالی نتائج کو مزید دباؤ میں رکھا۔
گزشتہ سہ ماہی کے برعکس، جہاں قرضے دینے میں اضافہ نمایاں تھا، موجودہ سہ ماہی میں بینکاری شعبے میں ایک بار پھر سرمایہ کاری پر مبنی روایتی بیلنس شیٹ حکمت عملی کو اپنایا گیا ہے۔

2024 کی چوتھی سہ ماہی میں قرضوں میں عارضی اضافہ زیادہ تر ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو (اے ٹی آر) سے منسلک بلند ٹیکس جرمانوں سے بچنے کی کوششوں کا نتیجہ تھا۔
تاہم، جیسے ہی یہ ہنگامی ضرورت ختم ہوئی،الائیڈ بینک لمیٹڈ کا اے ڈی آر دسمبر 2024 سے 12 فیصد پوائنٹس کی نمایاں کمی کے ساتھ 40 فیصد پر آ گیا — جو کہ کم از کم گزشتہ 10 سہ ماہیوں میں بینک کی سب سے کم سطح ہے۔ یہ کمی اس عارضی 8 فیصد پوائنٹس کے اضافے کے بعد آئی ہے جو پچھلی سہ ماہی میں دیکھنے میں آیا تھا۔

بینک کے قرضوں کے پورٹ فولیو میں اس سہ ماہی کے دوران 39 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی، جس سے2024 کی چوتھی سہ ماہی میں ہونے والا 204 ارب روپے کا اضافہ ختم ہو گیا۔ سہ ماہی بنیاد پر 23 فیصد کی یہ کمی الائیڈ بینک لمیٹڈ کے حالیہ وقتوں کی سب سے بڑی کمی ہے۔
اگرچہ یہ سکڑاؤ صنعت کے اوسط سے زیادہ نمایاں ہے، لیکن یہ مجموعی طور پر شعبے کی سطح پر احتیاطی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔ مجموعی طور پر بینکاری شعبے کے قرضے دسمبر 2024 سے 15 فیصد کم ہو کر 15 کھرب روپے کی سطح پر آ گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نان-بینک فنانشل انسٹی ٹیوشنز (این بی ایف آئیز)، جن کا قرضوں میں حصہ صرف 8 فیصد ہے، 2.4 کھرب روپے کی اس کمی میں تقریباً ایک تہائی کے ذمہ دار ہیں، جو اے ڈی آر خدشات کے باعث عارضی طور پر دیے گئے قرضوں کا نتیجہ تھی۔
جب قرضے دینے کی رفتار سست ہوئی، تو بینکوں — بشمول الائیڈ بینک لمیٹڈ — نے اپنی توجہ سرکاری سیکیورٹیز کی جانب مبذول کر لی۔ الائیڈ بینک لمیٹڈ کی سرمایہ کاری میں سہ ماہی کے دوران 366 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو کہ 32 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے — جو شعبے کی 11 فیصد اوسط سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ اضافہ زیادہ تر پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) اور سکوک میں ہوا، جس سے الائیڈ بینک لمیٹڈ کا انویسٹمنٹ ٹو ڈپازٹ ریشو (آئی ڈی آر) واپس 70 فیصد کی سطح پر آ گیا — جو گزشتہ 6 سہ ماہیوں کی بلند ترین سطح ہے۔
فنڈنگ کے پہلو سے، الائیڈ بینک لمیٹڈ کے ڈپازٹس دسمبر 2024 سے صرف 2 فیصد بڑھے، جو کہ 2 کھرب روپے کی سطح پر پہنچے۔ یہ صنعت کے اسی عرصے میں 5 فیصد اضافے سے کم ہے۔ بینک کا ڈپازٹ بیس بدستور کرنٹ اکاؤنٹس پر مبنی ہے، اور سی اے ایس اے ریشو میں گزشتہ سال کی نسبت معمولی بہتری آئی ہے۔
نان مارک اپ آمدنی میں مضبوط اضافہ بینک کی کمائی کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتا رہا۔ فیس اور کمیشن کی آمدنی مستحکم رہی، جبکہ سرمایہ کاری منافع میں سالانہ دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوا — جو یوروبانڈز اور وفاقی حکومت کی سیکیورٹیز پر بہتر منافع کی بدولت ممکن ہوا۔ تاہم، آپریٹنگ اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہوا، جہاں انتظامی اخراجات سالانہ 15 فیصد بڑھے — جو سہ ماہی کے دوران 1.5 فیصد کی اوسط مہنگائی سے کہیں زیادہ ہے۔ نتیجتاً، لاگت سے آمدنی کا تناسب (کاسٹ ٹو انکم ریشو) نمایاں طور پر بگڑ کر 45 فیصد سے تجاوز کر گیا۔
اگرچہ مجموعی معاشی اشاریے — جیسے مہنگائی، کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس، اور زر مبادلہ کی شرح — نسبتی استحکام کا عندیہ دے رہے ہیں، مگر حقیقی معیشت اب بھی سست روی کا شکار ہے۔ زرعی شعبہ اور بڑی صنعتیں (ایل ایس ایم) دونوں مشکلات کا شکار ہیں، جس سے نجی شعبے کی جانب سے سال کے باقی عرصے میں قرضوں کی طلب پر منفی اثر پڑ سکتا ہے — الّا یہ کہ اے ڈی آر سے منسلک ٹیکس دباؤ دوبارہ اچانک سامنے آ جائے۔























Comments
Comments are closed.