پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھارت کو وارننگ جاری کی ہے کہ اس کے کسی بھی مس ایڈونچر کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ آرمی چیف نے یہ انتباہ ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج میں مشق کے دوران جاری کیا.
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیئے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی مس ایڈوینچر کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے، قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم مکمل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے بڑے پیمانے پر کی جانے والی جنگی مشق ’ہیمر اسٹرائیک‘ کا بھی مشاہدہ کیا جس کا مقصد بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران ’میدان جنگ کے قریب حالات‘ کے لیے پاک فوج کی تیاریوں کی تصدیق کرنا ہے۔
ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز میں منعقدہ اس مشق میں “ملٹی رول فائٹر طیاروں، لڑاکا ہوا بازی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے توپ خانے اور جدید ترین انجینئرنگ تکنیکوں کو مربوط کیا گیا تاکہ بہترین آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا جا سکے۔
مشقوں کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے ماہرانہ جنگی حربوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کیا جسے آئی ایس پی آر نے غیر معمولی اسٹرٹیجیک ہم آہنگی اور ہلاکت خیز قرار دیا۔ مشقوں کے دوران کائنیٹک اور نان کائنیٹک جنگ کے لیے جوانوں کی تیاری نظر آئی۔
اس موقع پر کور کمانڈر کی جانب سے مشقوں پر آرمی چیف کو بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف نے جنرل منیر، جنہیں مشق کے مقاصد کے بارے میں کور کمانڈر نے بریف کیا، نے فوجیوں کے ”اعلیٰ حوصلے اور جنگی جذبے“ کو سراہا اور اسے آپریشنل برتری قرار دیتے ہوئے جوانوں کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق، جس میں عسکری قیادت اور سینئر فوجی افسران اور کمانڈرز نے شرکت کی، فوج کی مسلسل ترقی اور جدید تربیت، نئی حکمت عملیوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال کا ثبوت ہے۔





















Comments
Comments are closed.