حکومت کا مہنگے توانائی منصوبے ختم کرکے 17 ارب ڈالر بچانے کا منصوبہ
وزیراعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے جمعرات کو بتایا گیا کہ حکومت آئندہ انڈیکیٹو جنریشن کیپیسٹی ایکسپنشن پلان (آئی جی سی ای پی) 2024-2034 کے تحت 7,967 میگاواٹ کے مہنگے منصوبوں کو خارج کرکے اور منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن کو ایڈجسٹ کرکے 4,743 ارب روپے (17 ارب امریکی ڈالر) کی بچت کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں بجلی کے نرخوں میں کمی اور توانائی شعبے میں پائیدار اصلاحات کے نفاذ پر غور کیا گیا جس میں آئی جی سی ای پی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
آئی جی سی ای پی کے تحت حکومت کا ہدف ہے کہ درآمدی ایندھن کے بجائے مقامی وسائل اور متبادل توانائی ذرائع جیسے کہ سولر، نیوکلیئر اور ہائیڈرو پاور کو ترجیح دی جائے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں کئی ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو صلاحیت کی ادائیگی کو بتدریج ختم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی خریداری اور بجلی بنانے والی کمپنیوں کو کپیسٹی پیمنٹ رفتہ رفتہ ترک کردی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں تقریباً 7.50 روپے فی یونٹ کی کمی کے بعد حکومت عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اہم منصوبوں بشمول دِیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل کو تیز کریں تاکہ ملک میں توانائی کی پیداوار اور پانی کے ذخائر کے لیے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں بجلی کی پیداوار کے لیے ایک آزاد مارکیٹ قائم کی جائے گی، اس مارکیٹ کے قیام سے مسابقتی بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی جس سے بجلی کی دستیابی میں پائیداری آئے گی اور نرخوں میں مزید کمی ہوگی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو توانائی شعبے میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم کی ہدایت پر آئی جی سی ای پی کا دوبارہ جائزہ لیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے بعد ٹاسک فورس نے منصوبے کو زمینی حقائق اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بہتر طور پر ہم آہنگ کرنے کے لیے اس پر نظرثانی کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگلے دس سالوں کے دوران آئی جی سی ای پی کے تحت پاور منصوبے مقابلے کی بنیاد پر دیے جائیں گے اور بجلی سب سے کم قیمت پر فروخت کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔





















Comments
Comments are closed.