کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر 18 روز سے لگی آگ بالآخر منگل کو اچانک بجھ گئی۔

آج نیوز کے مطابق فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر اب بھی موجود ہے کیونکہ متاثرہ مقام سے گیس کا اخراج بدستور جاری ہے جس کے باعث علاقے میں شدید بو پھیل گئی ہے۔

29 مارچ کو پراسرار آگ لگنے کے بعد ٹی پی ایل پراپرٹیز نے اس کا سبب قدرتی گیس پاکٹ بتایا تھا۔

کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ ابتدائی تکنیکی تجزیوں اور صنعتی ماہرین کے مطابق، یہ گیس ممکنہ طور پر شیلو بایوجینی میتھین ہوسکتی ہے جو کہ قدرتی طور پر نامیاتی مواد کے گلنے سے پیدا ہوتی ہے۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ یہ علاقہ قدرتی گیس کے ذخائر کا حصہ نہیں ہے اس لیے توقع ہے کہ یہ گیس پاکٹ وقت کے ساتھ قدرتی طور پر ختم ہو جائے گا ۔

بعد ازاں، 9 اپریل کو، وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) نے تشخیص اور روک تھام کی کوششوں کی نگرانی کے لئے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

کمیٹی میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے نمائندے شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم فوری اور موثر حل کو یقینی بنائے گی۔

Comments

200 حروف