پاکستانی آٹو مینوفیکچرر سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (ایس اے زیڈ ای ڈبلیو) نے مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران 6.23 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 3.03 ارب روپے کے مقابلے میں 105 فیصد زیادہ ہے۔

کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اب تک کا سب سے زیادہ سہ ماہی منافع ہے۔

مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 103.06 روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 50.20 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

ٹاپ لائن کے مطابق نتائج صنعت کی توقعات سے بہتر رہے کیونکہ مجموعی منافع کی شرح اندازے سے زیادہ رہی۔

کمپنی نے مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 12 روپے فی شیئر ڈیوڈنڈ دینے کا اعلان کیا جس سے مالی سال کےپہلے نو ماہ کا مجموعی ڈیوڈنڈ 32 روپے فی شیئر ہوگیا۔

مالی سال 25 کی تیسری سہ ماہی میں سازگار کی خالص فروخت 83 فیصد بڑھ کر 36.74 ارب روپے تک پہنچ گئی جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 20.05 ارب روپے تھی۔

اس دوران سیلز کی لاگت 24.77 ارب روپے تک پہنچ گئی جو مالی سال 2024 کی تیسری سہ ماہی میں 14.24 ارب روپے سے 74 فیصد زیادہ ہے۔

اس کے نتیجے میں کمپنی کا مجموعی منافع مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 11.97 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

Comments

200 حروف