اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کا رجحان، 100 انڈیکس 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کیساتھ بند
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ہفتے کے پہلے کاروباری سیشن کا اختتام مثبت رہا، پیر کو کاروبار کے دوران اس کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس پورے سیشن کے دوران مثبت زون میں رہا اور انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 118,827.47 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک 100 انڈیکس 1,067.79 پوائنٹس یا 0.91 فیصد کے اضافے سے 118,383.38پوائنٹس پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو پی ایس ایکس ہفتے کے آخری سیشن کا اختتام مثبت زون میں ہوا اور کے ایس ای 100 میں 414 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر پیر کو ایشیائی اسٹاکس اور امریکی اسٹاک فیوچرز میں کمی دیکھی گئی جبکہ ڈالر کی قیمت بھی گرگئی، کیونکہ ٹیرف پر تشویش اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیڈرل ریزرو پر عوامی تنقید نے سرمایہ کاروں کے جذبات کو متاثر کیا، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا۔
جمعرات کو ٹرمپ نے فیڈ چیئر جیروم پاول کے خلاف حملوں کے ایک سلسلے کا آغاز کیا، اوران کی ٹیم اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا وہ پاول کو برطرف کرسکتے ہیں، ایک ایسا اقدام جو مرکزی بینک کی خودمختاری اور عالمی منڈیوں کے لیے انتہائی اہم قدم ہوگا۔
جمعہ کو بیشتر مارکیٹیں بند تھیں اور کچھ مارکیٹیں ایسٹر کی تعطیلات کی وجہ سے ابھی بھی بند ہیں۔ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.64 فیصد کی کمی آئی جب کہ نیسڈیک فیوچرز 0.53 فیصد نیچے آئے۔ ایشیا میں، جاپان کا نِکِی انڈیکس 1 فیصد گرگیا جب کہ جنوبی کوریا کا بینچ مارک انڈیکس مستحکم رہا۔
دریں اثنا انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کے روز کاروبار کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.05 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر روپیہ ڈالرکے مقابلے میں 280.87 روپے پر بند ہوا جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 15 پیسے کی کمی ہے۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم گزشتہ روز کے 425.12 ملین سے بڑھ کر 672.44 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 34.49 ارب روپے سے بڑھ کر 36.42 ارب روپے ہوگئی۔
سنرجیکو ایک کروڑ 3 لاکھ 3 ہزار شیئرز کے ساتھ کاروباری حجم میں سرِفہرست رہی،اس کے بعد پاور سیمنٹ 62.59 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور بی او پنجاب 42.59 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
پیر کو 252 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 252 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 158 میں کمی جبکہ 41 میں استحکام رہا۔
Comments