ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سکھ برادری کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی ہدایات کی روشنی میں رجسٹریشن شروع کی گئی ہے۔
بی آئی ایس پی کا فیلڈ عملہ مستحق سکھ خاندانوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے کے لیے ان کا سروے کر رہا ہے جو چیرپرسن کی جانب سے سکھ برادری سے کیے گئے وعدے اور وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ اقدام سینیٹر روبینہ خالد کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تمام مستحق خاندانوں کو ان کے مذہبی پس منظر سے قطع نظر بی آئی ایس پی کی مدد اور فوائد حاصل ہوں۔
سکھ برادری نے سینیٹر روبینہ خالد کا شکریہ ادا کیا ہے اور بی آئی ایس پی کے ذریعے ان کی فلاح و بہبود کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا ہے۔
بونیر کے اپنے حالیہ دورے کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے پیر بابا گوردوارہ میں سکھ برادری کے افراد سے ملاقات کی۔
انہوں نے بی آئی ایس پی رجسٹریشن کے حوالے سے سکھ خواتین کی رہنمائی کی اور بونیر میں بی آئی ایس پی دفتر کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ سکھ برادری کی مستحق خواتین کے لئے سروے میں سہولت فراہم کریں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادریوں کے مسائل کو حل کریں اور بی آئی ایس پی میں ان کی رجسٹریشن اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر پہلو میں ان کی مدد کریں۔
Comments