روسی وزیر خارجہ کا دورۂ ایران، ماسکو کی جنگ میں ثالثی کی کوشش
- یہ دورہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی اکتوبر کے اوائل میں ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے گفتگو کے بعد ہورہا ہے
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پیر کو ایران پہنچنے والے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد یہ ان کا پہلا دورۂ ایران ہے، جس کا مقصد جاری تنازعے میں ثالثی کے لیے ماسکو کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ لاوروف ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق ماسکو کی کوششوں کا مقصد بڑے پیمانے پر جنگ دوبارہ شروع ہونے سے روکنا ہے، تاہم تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اکتوبر کے اوائل میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ماسکو ثالثی کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
روس اور ایران دنیا کی سخت ترین پابندیوں کا سامنا کرنے والے ممالک میں شامل ہیں۔ 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ہوا ہے۔


Comments