یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں تیز، برطانوی اور امریکی وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات
- صدر زیلنسکی نے ہفتے کے روز امریکی ایلچیوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو انتہائی بامعنی اور مثبت قرار دیا
لندن اور واشنگٹن کے درمیان یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں اس وقت مزید تیز ہو گئیں جب برطانیہ کی وزیرِ خارجہ یوویٹ کوپر نے پیر کے روز واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ برطانوی دفترِ خارجہ کے مطابق یہ یوویٹ کوپر کا ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب وزیراعظم کیئر اسٹارمر لندن میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ جرمنی اور فرانس کے رہنماؤں کی میزبانی کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے میامی میں یوکرینی اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات کے سلسلے نے بھی ان کوششوں کو نئی سمت دی ہے، جن میں امریکہ کی سربراہی میں تقریباً چار سال سے جاری جنگ کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
صدر زیلنسکی نے ہفتے کے روز امریکی ایلچیوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو انتہائی بامعنی اور مثبت قرار دیا۔ اسی سلسلے میں برطانوی دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ لندن اور واشنگٹن یوکرین میں ایک منصفانہ اور مستقل امن معاہدے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں کا اعادہ کریں گے، جب کہ برطانیہ صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
ملاقات کا اہم حصہ غزہ کی صورتحال بھی ہو گا، جہاں امریکہ کی کوشش ہے کہ جنگ بندی برقرار رہے اور امن منصوبے پر پیش رفت ممکن ہو۔ دو سالہ شدید لڑائی کے بعد اکتوبر میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود مقامی حکام کے مطابق اب تک تین سو پچاس سے زائد فلسطینی جبکہ تین اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اتوار کو کہا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں جلد پیش رفت کی توقع رکھتے ہیں۔
یوویٹ کوپر اپنے دورے کے دوران سوڈان کے تنازعے پر بھی بات کریں گی، تاکہ فریقین کو انسانی امداد کی فراہمی اور جنگ بندی پر آمادہ کرنے کے لیے عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔
ادھر لندن نے اگلے برس جون میں عالمی سطح پر غیر قانونی رقوم کے بہاؤ کے خلاف ایک بین الاقوامی سربراہی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جس میں حکومتوں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے نمائندے شریک ہوں گے۔


Comments
Comments are closed.