دنیا

یمن، حکومتی فورسز کی باب المندب سے پسپائی، حوثیوں کا کنٹرول مضبوط

  • حکومتی فورسز کی پسپائی سے حوثیوں کو اہم بحری گزرگاہ پر مزید اثر و رسوخ حاصل ہوگا
شائع اپ ڈیٹ

یمن میں سعودی حمایت یافتہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے لیے لڑنے والی فورسز نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ وہ اسٹرٹیجک اہمیت کے حامل آبنائے باب المندب کے قریب واقع علاقے سے پیچھے ہٹ رہی ہیں، جس کے بعد اس علاقے کا کنٹرول حوثی باغیوں کے پاس چلا گیا ہے۔

حکومتی فورسز کی پسپائی سے حوثیوں کو اہم بحری گزرگاہ پر مزید اثر و رسوخ حاصل ہوگا، جس سے عالمی بحری تجارت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ دوسری جانب ایران آبنائے ہرمز میں بھی بحری آمدورفت متاثر کر رہا ہے۔

آبنائے باب المندب دنیا کی اہم ترین اور مصروف ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں سے بالخصوص ایشیا سے یورپ جانے والی اشیا اور اجناس کی ترسیل نہر سویز کے ذریعے ہوتی ہے۔

جنوبی یمنی فورسز کے مطابق وہ تعز گورنریٹ کے مغربی علاقے میں واقع دھباب ایئرپورٹ اور باب المندب سے اپنی نفری کو حکومتی دارالحکومت عدن کی جانب منتقل کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عدن اور ملحقہ صوبوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا اور دفاعی محاذوں کو مضبوط کرنا ہے۔

حکومتی فورسز نے اکتوبر میں حوثیوں سے ساحلی علاقوں کا کنٹرول واپس لینے کے لیے فوجی کارروائی شروع کی تھی۔ حوثیوں نے ستمبر میں جنوبی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی تھی۔

دریں اثنا، تعز کے مغربی علاقے میں لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے، جس سے انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔ حالیہ لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے 3 لاکھ افراد میں سے تقریباً نصف تعز شہر میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ شہر کا محاصرہ جاری ہے، امدادی سامان اندر نہیں پہنچ پا رہا جبکہ شہریوں کے لیے باہر نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔