✕
پاکستان

پاکستان نے جی 24 کی سربراہی سنبھال لی،عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ترجیح قرار

  • ترقی پذیر معیشتوں کا مستقبل عالمی معیشت کے مستقبل سے الگ نہیں بلکہ اس کا مرکزی حصہ ہے، محمد اورنگزیب
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی سربراہی سنبھال لی ہے، جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے زیادہ جامع، منصفانہ اور ترقی پر مبنی عالمی مالیاتی نظام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق، محمد اورنگزیب نے پاکستان کی سربراہی کے لیے تین ترجیحات کا خاکہ پیش کیا۔ ان میں عالمی اقتصادی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا، کثیرالجہتی اداروں میں ترقی پذیر معیشتوں کی نمائندگی مضبوط بنانا اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات شامل ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ترقی پذیر معیشتوں کا مستقبل عالمی معیشت کے مستقبل سے الگ نہیں بلکہ اس کا مرکزی حصہ ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری، جدت، کاروباری سرگرمیوں اور عالمی ترقی کو آگے بڑھانے میں ان معیشتوں کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام کو سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، روزگار اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں معاون ہونا چاہیے، تاکہ ترقی پذیر اور کم آمدنی والے ممالک بحرانوں سے نمٹنے تک محدود رہنے کے بجائے پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکیں۔

انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں، بالخصوص بریٹن ووڈز اداروں میں زیادہ منصفانہ طرز حکمرانی اور بامعنی شمولیت کا مطالبہ بھی کیا، تاکہ رکن ممالک کی بدلتی ہوئی ضروریات کی بہتر عکاسی ہوسکے۔

پاکستان کے ایجنڈے میں سستے اور بروقت ترقیاتی مالی وسائل کی فراہمی، قرضوں کے پائیدار حل، عالمی مالیاتی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانا، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا اور سرکاری و نجی سرمائے کو زیادہ متحرک کرنا بھی شامل ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ترقی پذیر معیشتوں کی بے پناہ صلاحیت ایسے بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے کی وجہ سے محدود نہ ہو جو بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں سے ابھی پوری طرح ہم آہنگ نہیں ہوسکا۔

پاکستان کے معاشی استحکام اور اصلاحات کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے طویل مدتی ترقیاتی اہداف کے ساتھ مالیاتی استحکام کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کرنے والی معیشتوں کو پائیدار ترقی کے لیے مناسب مالی وسائل اور پالیسی سازی کی گنجائش فراہم کی جانی چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکا اور کیریبین کے جی 24 رکن ممالک کے علاوہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مشترکہ ترجیحات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے کام کرے گا۔

انہوں نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین نائجیریا کی قیادت کو بھی سراہا اور گروپ کی پیش رفت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری اجتماعی قیادت کی اصل کامیابی صرف ہماری آواز کی طاقت سے نہیں بلکہ اس آواز کے نتیجے میں آنے والی تبدیلی سے ناپی جائے گی۔