✕
دنیا

سعودی عرب نے یمن پر 40 فضائی حملے کئے، حوثیوں کا دعوی

  • باغیوں نے جنوبی سعودی عرب کے کئی شہروں پر بیلسٹک میزائل اور ڈرونز داغے
شائع اپ ڈیٹ

یمن کے حوثی گروپ نے بتایا ہے کہ سعودی افواج نے جمعرات کو تازہ حملوں میں یمن کے مختلف علاقوں پر تقریباً 40 فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثی خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق سعودی فضائیہ نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تعز، حدیدہ، الجوف اور مارب گورنریٹس میں تقریباً 40 حملے کیے۔

حوثیوں نے گزشتہ ہفتے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی، جبکہ سعودی سرزمین پر بھی حملے کیے گئے، جن میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

بدھ کو سعودی قیادت میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے اتحاد نے کہا تھا کہ باغیوں نے جنوبی سعودی عرب کے کئی شہروں پر بیلسٹک میزائل اور ڈرونز داغے۔ سعودی شہری دفاع نے خمیس مشیط اور ابہا میں ممکنہ خطرے کے حوالے سے الرٹ جاری کیے۔

حوثی بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہے ہیں، جہاں اہم آبنائے باب المندب واقع ہے۔ گزشتہ ہفتے سے یمن میں لڑائی کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تر جنگجو شامل ہیں۔