دنیا

امریکی نائب صدر وینس کا ایران مذاکرات کے لیے آئندہ دنوں سوئٹزرلینڈ جانے کا عندیہ

  • انہوں نے کہا کہ کشنر اور وِٹکوف پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں اور مذاکرات کے تکنیکی معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں
شائع June 20, 2026 اپ ڈیٹ June 20, 2026 09:16pm

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکی مذاکرات کاروں نے اطلاع دی ہے کہ ”معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں“۔ ان کا یہ بیان ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو ایک بار پھر بند کرنے کے اعلان سے چند منٹ قبل سامنے آیا ہے۔

وینس نے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے توقع ہے کہ میں اگلے ایک دو روز میں روانہ ہو جاؤں گا، تاہم آپ جانتے ہیں کہ ایسے معاملات میں رابطہ کاری کا عمل ہمیشہ نہایت حساس اور پیچیدہ ہوتا ہے۔“ یہ بیان انہوں نے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے امریکہ ایران معاہدے کے اگلے مراحل پر بات چیت کے لیے اپنا مجوزہ دورہ غیر متوقع طور پر ملتوی کرنے کے دو روز بعد دیا۔

نائب صدر نے بتایا کہ امریکی مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور اسٹیو وِٹکوف پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں اور مذاکرات کے ”بعض تکنیکی پہلوؤں“ پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، دونوں نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ ”امور خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں“۔