کاروبار اور معیشت

وفاقی بجٹ آج پیش ہوگا

  • وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے
شائع June 12, 2026 اپ ڈیٹ June 12, 2026 09:48am

مالی سال 26-2026 کے لیے پاکستان کا بجٹ آج (جمعہ) قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ پیش کریں گے۔

حکومت نے اس سے قبل اشارہ دیا تھا کہ بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا تاہم بعد میں اس تاریخ کو تبدیل کر کے 12 جون کردیا گیا۔

توقع ہے کہ آنے والے بجٹ میں معیشت کو استحکام دینے اور پائیدار ترقی کو برقرار رکھنے کی جاری کوششوں کے درمیان مالی سال 2026-27 کے لیے حکومت کی مالی ترجیحات، آمدنی بڑھانے کے اقدامات اور اخراجات کے منصوبوں کی آؤٹ لائن (خاکہ) پیش کی جائے گی۔

جمعرات کو حکومت نے مالی سال 26-2025 کے لیے پاکستان اقتصادی سروے جاری کیا جس کے مطابق اختتام پذیر ہونے والے مالی سال میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

یہ شرح نمو پچھلے سال کی 3.18 فیصد کی شرح نمو سے زیادہ تھی لیکن پچھلے سال کے بجٹ میں اعلانیہ 4.2 فیصد کے ہدف سے کافی کم رہی۔

سروے میں بتایا گیا ہے کہ یہ بہتری مؤثر میکرو اکنامک انتظام، بہتر مالی کھاتوں، بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ترقی، 2025 کے سیلاب کے خلاف زرعی شعبے کی لچک، شرح مبادلہ کے استحکام اور آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت اصلاحات کی بدولت ہے۔

این ای سی ٹارگٹ

قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) نے مالی سال 2026-27 کے لیے 3 ہزار 669 ارب روپے (3.669 ٹریلین) کے قومی ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی ہے جس میں 838 ارب روپے کی غیر ملکی معاونت بھی شامل ہے جبکہ جی ڈی پی کی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیڈرل پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے ایک ہزار ارب روپے، صوبائی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2 ہزار 218 ارب روپے اور سرکاری اداروں (ایس او ایز) کے لیے 451 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

کونسل نے مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ اقتصادی اشاریوں کی بھی منظوری دی، جس کے تحت وفاقی پی ایس ڈی پی کے لیے 820 ارب روپے، صوبائی ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2 ہزار 938 ارب روپے اور ایس او ایز کے لیے 355 ارب روپے مختص کیے گئے۔