یوکرین کے اتحادیوں کا اجلاس ، سیکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا ہدف
- تقریباً چار سالہ طویل تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی رفتار میں نومبر سے تیزی آگئی ہے
یوکرین کے اتحادی ممالک کا اہم اجلاس منگل کو پیرس میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد روس کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی کی صورت میں کیو کو دی جانے والی سیکیورٹی ضمانتوں اور فوجی تعاون کو ٹھوس شکل دینا ہے۔ اس کانفرنس میں صدر ولادیمیر زیلنسکی سمیت 27 سے زائد عالمی رہنما اور امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شریک ہو رہے ہیں۔
نومبر سے جاری ان سفارتی کوششوں کا محور ایک ایسا مشترکہ موقف تیار کرنا ہے جسے روس کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ اجلاس میں ایک کثیر القومی فوج کی تشکیل پر غور کیا جائے گا جو جنگ بندی کی صورت میں یوکرین میں تعینات کی جا سکے گی۔
میزبان ملک فرانس کا ہدف ایسا عہد حاصل کرنا ہے جو مستقبل میں کسی بھی دوبارہ حملے کی صورت میں یوکرین کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
فرانسیسی حکام کے مطابق سیکیورٹی ضمانتوں کی تفصیلات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور اب توجہ طویل مدتی وعدوں پر ہے۔ دوسری جانب صدر زیلنسکی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ یوکرین امن چاہتا ہے لیکن وہ دوہری حکمتِ عملی اپنائے ہوئے ہے، ایک طرف سفارت کاری اور دوسری طرف مضبوط دفاع ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر روس پر سفارتی دباؤ ناکام رہا تو یوکرین اپنا دفاع جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔