BR100 Increased By (0.01%)
BR30 Increased By (0.53%)
KSE100 Increased By (0.28%)
KSE30 Increased By (0.29%)
BAFL 59.70 Decreased By ▼ -0.01 (-0.02%)
BIPL 24.40 Increased By ▲ 0.09 (0.37%)
BOP 31.47 Increased By ▲ 0.24 (0.77%)
CNERGY 11.70 Increased By ▲ 0.11 (0.95%)
DFML 15.75 Increased By ▲ 0.02 (0.13%)
DGKC 203.65 Decreased By ▼ -2.72 (-1.32%)
FABL 96.30 Increased By ▲ 0.31 (0.32%)
FCCL 61.60 Increased By ▲ 0.06 (0.1%)
FFL 14.79 Decreased By ▼ -0.23 (-1.53%)
GGL 19.75 Increased By ▲ 0.06 (0.3%)
HBL 309.55 Decreased By ▼ -1.10 (-0.35%)
HUBC 204.50 Decreased By ▼ -0.83 (-0.4%)
HUMNL 8.77 Increased By ▲ 0.18 (2.1%)
KEL 6.33 Increased By ▲ 0.07 (1.12%)
LOTCHEM 24.79 Increased By ▲ 0.11 (0.45%)
MLCF 103.93 Decreased By ▼ -0.15 (-0.14%)
OGDC 315.50 Increased By ▲ 2.11 (0.67%)
PAEL 35.51 Decreased By ▼ -0.29 (-0.81%)
PIBTL 13.65 Increased By ▲ 0.18 (1.34%)
PIOC 271.69 Increased By ▲ 1.18 (0.44%)
PPL 226.60 Increased By ▲ 4.79 (2.16%)
PRL 80.30 Increased By ▲ 1.22 (1.54%)
SNGP 93.98 Increased By ▲ 0.30 (0.32%)
SSGC 23.90 Increased By ▲ 0.03 (0.13%)
TELE 7.65 Increased By ▲ 0.26 (3.52%)
TPLP 13.04 Increased By ▲ 0.53 (4.24%)
TRG 53.38 Decreased By ▼ -0.06 (-0.11%)
UNITY 8.37 Increased By ▲ 0.03 (0.36%)
WTL 1.41 Increased By ▲ 0.16 (12.8%)
مارکٹس

پاکستان میں گرین منصوبوں کی آمدن میں کاربن کریڈٹس سے 20 فیصد تک اضافہ کیسے ممکن ہے؟

  • ’’کاربن کریڈٹس گرین منصوبوں کی مجموعی آمدن میں 10 سے 15 فیصد، بعض صورتوں میں 20 فیصد تک اضافہ کرسکتے ہیں‘‘، خرم لالانی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان میں کم کاربن اخراج والے منصوبوں کے لیے کاربن کریڈٹس سے منصوبے کی آمدن میں 10 سے 20 فیصد تک اضافی اضافہ ممکن ہے۔ اس طرح قابل تجدید توانائی، الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں میں توانائی ذخیرہ کرنے اور زراعت سے متعلق منصوبوں کو آمدن کا ایک اضافی ذریعہ حاصل ہوسکتا ہے۔ یہ بات ماحولیاتی فنانس کی کمپنی ریسورسز فیوچر کے چیف ایگزیکٹو نے کہی ہے۔

کاربن کریڈٹس، جنہیں کاربن آف سیٹس بھی کہا جاتا ہے، قابلِ تجارت سرٹیفکیٹس ہیں جو فضا سے ایک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی گیسوں کے اخراج میں کمی یا ان کے اخراج کو روکنے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے ذریعے کاروباری ادارے اور دیگر تنظیمیں ایسے منصوبوں کی معاونت کرکے اپنے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی تلافی کرسکتے ہیں جو کہیں اور ان گیسوں کے اخراج میں کمی لاتے یا انہیں فضا سے جذب کرتے ہیں۔ ایسے منصوبوں میں شجرکاری، مینگرووز کے جنگلات کی بحالی اور قابل تجدید توانائی کے اقدامات شامل ہیں۔

کاربن کریڈٹس تسلیم شدہ معیارات کے تحت تصدیق اور جانچ پڑتال کے بعد جاری کیے جاتے ہیں۔ عالمی ادارے ویرا اور گولڈ اسٹینڈرڈ ان منصوبوں کا جائزہ لینے اور اخراج میں کمی کے دعووں کی ساکھ یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پاکستان اپنے ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، ماحول دوست سرمایہ کاری کے حصول اور کم کاربن اخراج والی معیشت کی جانب پیش رفت کے لیے کاربن مارکیٹ کو فروغ دے رہا ہے۔ پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت وفاقی رہنما اصولوں کی منظوری کے بعد ملک میں کاربن مارکیٹ 2025 کے اوائل میں فعال ہوئی۔ یہ آرٹیکل اخراج میں کمی کے لیے بین الاقوامی تعاون کا طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔

ریسورسز فیوچر کے ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو خرم لالانی نے بزنس ریکارڈر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کم کاربن اخراج والا کوئی بھی منصوبہ بنیادی طور پر کاربن کریڈٹس حاصل کرنے کا اہل ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’کاربن کریڈٹس کو سونے، چاندی یا تانبے جیسی ایک جنس (کموڈٹی) سمجھیں۔ کاربن کریڈٹس بھی ایک قابلِ تجارت جنس ہیں۔‘‘

خرم لالانی کے مطابق کاربن کریڈٹس ان کاروباری اداروں کے لیے آمدن کا ایک اضافی ذریعہ بن سکتے ہیں جو پہلے ہی ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ اس سے انہیں آپریشنل اور مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات پورے کرنے کے ساتھ ساتھ منصوبوں کی مجموعی معاشی افادیت بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ پہلے ہی سرمایہ کاری کررہے ہیں تو اسے اضافی فائدے کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ یہ پورا کیک نہیں بلکہ اس پر لگنے والی چیری کی طرح ہے۔‘‘

ان کا اندازہ ہے کہ اہل منصوبوں کی آمدن میں کاربن کریڈٹس سے عمومی طور پر مزید 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ بعض صورتوں میں یہ شرح 20 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ کا منصوبہ 10 ارب روپے کا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر 10 ارب روپے کمائیں گے۔ تاہم کاربن کریڈٹس آپ کو اپنی مجموعی آمدن میں عمومی طور پر 10 سے 15 فیصد اضافے کی گنجائش فراہم کرسکتے ہیں۔‘‘

ان کے بقول، ’’آپ کے آپریٹنگ اخراجات، یعنی منصوبے کو چلانے اور اس کی مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات، کم از کم ان ذرائع سے پورے ہوسکتے ہیں۔‘‘

خرم لالانی نے کہا کہ کاربن کریڈٹس کے حصول کے مواقع روایتی قابل تجدید توانائی کی سرمایہ کاری تک محدود نہیں بلکہ ان میں الیکٹرک گاڑیاں، بیٹریوں میں برقی توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام، بائیو ڈیزل کی تیاری، جنگلات اور زراعت بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا اپنا زرعی جنگلات کا منصوبہ بھی ہے، جس کا تعلق آم کے باغات کی بحالی سے ہے۔‘‘

مثال کے طور پر شمسی اور ہوائی توانائی کے منصوبے ڈیزل، فرنس آئل اور قدرتی گیس سے پیدا ہونے والی بجلی کی جگہ لے کر کاربن کریڈٹس حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ الیکٹرک گاڑیاں پیٹرول سے چلنے والی ٹرانسپورٹ کی جگہ لے کر اس کی اہل ہوسکتی ہیں۔

خرم لالانی نے کہا کہ ’’الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں سوچیں۔ یہ پیٹرول کا استعمال ختم کرتی ہیں۔ یہ کم کاربن اخراج کا منصوبہ ہے اور اس کے ذریعے کاربن کریڈٹس حاصل کیے جاسکتے ہیں۔‘‘

ان کے مطابق ’’کوئی بھی ایسا منصوبہ جو کاربن کے اخراج کی جگہ لے یا اسے جذب کرکے محفوظ کرے، کاربن کریڈٹس حاصل کرنے والے منصوبے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ریسورسز فیوچر بیٹریوں میں برقی توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبوں پر کام کرنے والے منصوبہ سازوں کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔ ان میں الیکٹرک بسیں درآمد کرنے اور الیکٹرک موٹر سائیکلیں تیار کرنے والے کاروباری ادارے بھی شامل ہیں۔

ان کے بقول، کمپنی نے پاکستان میں زیر تعمیر بائیو ڈیزل تیار کرنے کے ایک بڑے کارخانے کو بھی معاونت فراہم کی ہے، جس نے کاربن کریڈٹس کے حصول کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہم اس منصوبے میں ان کی مدد کررہے ہیں۔ اس کی بنیادی سوچ یہ ہے کہ آمدن کے دو ذرائع ہوسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ بائیو ڈیزل فروخت کرتے ہیں تو اس منصوبے کے سرمایہ کار کاربن کریڈٹس سے بھی آمدن حاصل کرسکتے ہیں۔ اس طرح کاربن کریڈٹس آمدن کمانے کا ایک اور راستہ فراہم کرتے ہیں۔‘‘

پاکستان میں کاربن کریڈٹس کے منصوبے کم

خرم لالانی کے مطابق وسیع امکانات کے باوجود پاکستان کاربن کریڈٹ منصوبوں کی تیاری اور نجی سرمایہ کاری کے حصول میں علاقائی حریف ممالک کے مقابلے میں سست روی کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان میں کاربن کریڈٹ منصوبوں کے حوالے سے زیادہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی، تاہم میرے خیال میں اس کی وجوہات بھی موجود ہیں۔‘‘

پاکستان کا بھارت، چین اور بنگلہ دیش سے موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ممالک کے کاروباری اداروں نے کاربن کریڈٹس کو آمدن حاصل کرنے کے ایک موقع کے طور پر بہتر طور پر سمجھ لیا ہے۔

ان کے بقول، ’’پاکستان میں عمومی طور پر ایسی صلاحیت موجود نہیں کہ ہمارے صنعت کار یہ سمجھ سکیں کہ کاربن کریڈٹس اصل میں کیا ہیں۔‘‘

انہوں نے اس فرق کی ایک وجہ مقامی کاروباری اداروں میں آگاہی اور تکنیکی مہارت کی کمی کو قرار دیا، جبکہ غیر مانوس مواقع میں سرمایہ کاری سے گریز بھی اس کی ایک وجہ ہے۔

خرم لالانی نے کہا کہ ’’پاکستان میں خطرہ مول لینے کا رجحان زیادہ نمایاں نہیں، جبکہ غیر ملکی کاروباری ادارے عموماً کسی نئے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے زیادہ آمادہ ہوتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہاں خطرات ضرور ہیں لیکن منافع کے امکانات بھی موجود ہیں۔

’’پاکستان میں ہم زیادہ تر پہلے سے موجود کاروباری مواقع پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں اور کسی نئی سمت میں جانے پر غور نہیں کرتے، جہاں کچھ اضافی لاگت برداشت کرنا پڑے۔ تاہم پاکستانی مارکیٹ کھل رہی ہے اور اس میں بھی ترقی ہوگی۔‘‘

منصوبوں کی تیاری پر لاگت بھی رکاوٹ

کاربن کریڈٹ منصوبوں کی تیاری پر آنے والی لاگت بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے، کیونکہ اس عمل کے لیے تکنیکی دستاویزات کی تیاری، آزادانہ تصدیق اور بین الاقوامی کاربن کریڈٹ رجسٹریوں میں اندراج ضروری ہوتا ہے۔

خرم لالانی نے بتایا کہ ایک عام کاربن کریڈٹ منصوبہ تیار کرنے پر تقریباً ایک لاکھ ڈالر خرچ آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ یورپ سے کوئی بیرونی مشیر مقرر کرتے ہیں تو صرف مشاورتی فیس کی مد میں تقریباً 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ ڈالر خرچ کرنا پڑیں گے۔‘‘

ان کے مطابق ’’ہم نے یہ لاگت ایک لاکھ ڈالر سے بھی کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو کاربن کریڈٹ منصوبوں کی تیاری پر آنے والے اخراجات کو ایک الگ کاروباری سرگرمی سمجھنے کے بجائے کم کاربن اخراج والے بنیادی منصوبے کی مجموعی سرمایہ کاری کا حصہ تصور کرنا چاہیے۔

خرم لالانی نے کہا کہ ’’اگر آپ 10 ارب روپے یا 5 ارب روپے کے کسی منصوبے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور اسے کاربن کریڈٹ منصوبہ بنانے کے لیے مزید ایک لاکھ ڈالر شامل کرتے ہیں تو اضافی لاگت زیادہ نہیں ہوتی، جبکہ اس کے مقابلے میں اضافی آمدن کے امکانات خاصے زیادہ ہوتے ہیں۔‘‘

ان کے بقول، ’’اس لیے اسے ایک فطری انتخاب ہونا چاہیے۔ ہم نے بھارت اور چین میں دیکھا ہے کہ وہاں صنعت کار کم کاربن اخراج کا کوئی بھی منصوبہ تیار کرتے ہیں تو خودکار طور پر کاربن کریڈٹس کے حصول کے لیے بھی اقدامات کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تیار ہونے والے کاربن کریڈٹس عموماً عالمی خریداروں کو فروخت کیے جاتے ہیں کیونکہ یہ مارکیٹ اب بھی زیادہ تر بین الاقوامی سطح پر سرگرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی بینکوں نے ابھی تک کاربن کریڈٹس کی بنیاد پر مخصوص مالیاتی مصنوعات متعارف نہیں کرائیں، جبکہ ملک کا بینکاری شعبہ بھی اس مارکیٹ کو سمجھنے کے ابتدائی مرحلے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’بینک کاربن کریڈٹس کو اپنے مالیاتی فیصلوں میں شامل نہیں کرتے۔ مجھے ابھی تک اس نوعیت کی کوئی مالیاتی سہولت دیکھنے میں نہیں آئی۔‘‘

یورپی یونین کا کاربن ٹیکس پاکستانی برآمدات کے لیے چیلنج

بین الاقوامی ماحولیاتی ضوابط میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے خرم لالانی نے یورپی یونین کی مثال دی اور کہا کہ کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم (سی بی اے ایم) کے تحت یورپ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی زیادہ کاربن اخراج والی مصنوعات جب یورپی ممالک کو برآمد ہوں گی تو ان مصنوعات میں کاربن کے زیادہ اخراج کی بنیاد پر یورپ کاربن ٹیکس عائد کرے گا۔ اس کے پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیوں پر بڑے اثرات مرتب ہوں گے۔‘‘

کاربن بارڈر ایڈجسٹمنٹ میکانزم (سی بی اے ایم) کاربن کی قیمت متعین کرنے کی ایک پالیسی ہے، جس کے تحت یورپی یونین میں درآمد ہونے والی زیادہ کاربن اخراج والی اشیا کی تیاری کے دوران خارج ہونے والی کاربن کی قیمت وصول کی جاتی ہے۔

خرم لالانی نے کہا کہ ’’سی بی اے ایم سے نمٹنے کا طریقہ یہ ہے کہ یا تو ٹیکسٹائل کمپنیاں یورپ میں کاربن ٹیکس ادا کریں یا پھر انہیں پاکستان میں کاربن اخراج کی تلافی کے انتظامات کرنے چاہئیں۔ انہیں کاربن کریڈٹس کا مالک ہونا چاہیے تاکہ وہ ثابت کرسکیں کہ انہوں نے اپنے کاربن اخراج میں کمی کی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے نجی شعبے کی صلاحیت میں اضافے اور زیادہ مضبوط ضابطہ جاتی نظام کی ضرورت ہے۔ ان سرمایہ کاروں کے پاس بھارت، انڈونیشیا، چین اور ملائیشیا جیسی متبادل منڈیوں میں منصوبوں کی مالی معاونت کا انتخاب بھی موجود ہے۔

خرم لالانی نے کہا کہ ’’کسی نہ کسی وجہ سے ہم پالیسی کو عملی شکل دینے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ پالیسی کا ڈھانچہ موجود ہے، لیکن اس پر عمل درآمد کے لیے قواعد اور متعلقہ رہنما اصول ابھی تک موجود نہیں ہیں۔‘‘

ان کے مطابق حکومت کو اس عمل میں تیزی لانی چاہیے اور ضروری قواعد جلد جاری کرنے چاہئیں تاکہ اس شعبے سے وابستہ تمام فریقوں کو واضح رہنمائی مل سکے۔

انہوں نے صنعت کاروں، مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا، جبکہ وفاقی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فنڈ کو فعال کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی تاکہ کم کاربن اخراج والے منصوبوں کے لیے سرمایہ فراہم کیا جاسکے۔

خرم لالانی نے کہا کہ ’’پاکستان میں امکانات کی کوئی حد نہیں۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم ایسا نظام وضع کریں جو نجی شعبے کو اگلا قدم اٹھانے اور آمدن کے اضافی ذریعے کے طور پر کاربن کریڈٹس سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’بھارت، چین اور بنگلہ دیش میں جس پیمانے پر اس شعبے کو متحرک کیا گیا ہے، پاکستان اس کے قریب بھی نہیں پہنچ سکا۔‘‘

خرم لالانی نے زور دیا کہ اس معاملے کو طویل مدتی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، اسے آمدن کے ایک اضافی موقع کے طور پر سمجھا جائے اور کاربن مارکیٹ کے لیے ایسے معیاری منصوبے تیار کیے جائیں جن کی شفافیت اور ساکھ پر کوئی سمجھوتا نہ ہو۔

Comments

200 حروف