نیویارک میں تین منزلہ عمارت منہدم، 2 افراد ہلاک، 10 سے زائد زخمی
- نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں بدھ کو زیر تعمیر مقام کے قریب واقع تین منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 2 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ امدادی کارکن ملبے میں ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جان ایسپوزیٹو کے مطابق 1930 میں تعمیر ہونے والی چار اپارٹمنٹس پر مشتمل عمارت ملحقہ تعمیراتی مقام پر جاگری، جہاں کھدائی کا کام جاری تھا۔ واقعے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے بتایا کہ زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کی کمشنر للین بونسیگنور کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 19 ہے، جن میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔ ایک فائر فائٹر بھی معمولی زخمی ہوا۔
امدادی ٹیمیں سرچ کتوں کی مدد سے ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کررہی ہیں۔ حکام کے مطابق مکمل علاقے کی تلاشی میں کئی روز لگ سکتے ہیں، جبکہ لاپتا افراد کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔





















Comments