درآمدی بیج اور سائنسی تقاضے
- کپاس کے درآمدی بیج کی منظوری کا عمل سات سال سے کم کرکے 12 سے 18 ماہ تک محدود کرنے کی تجویز، تاہم سائنسی جانچ، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی موسمی و زرعی حالات سے مطابقت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
پاکستان میں کپاس کے شعبے کی بحالی کی کوششوں کے تحت درآمدی کپاس کے بیج کی منظوری کا دورانیہ موجودہ سات سال سے کم کرکے محض 12 سے 18 ماہ تک محدود کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ یہ تجویز حال ہی میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں گارڈ ایگریکلچر کی جانب سے پیش کی گئی۔
اس تجویز کے تحت بائیو سیکیورٹی کے مرحلے کی جگہ لیبارٹری ٹیسٹنگ متعارف کرانے، حیاتیاتی تحفظ اور فی ایکڑ پیداوار سے متعلق آزمائشی تجربات بیک وقت کرنے اور منظوری کے مجموعی عمل کو مختصر کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ اس تجویز کے حامیوں کا موقف ہے کہ موجودہ طویل طریقہ کار کے باعث کپاس کی نئی اقسام 2033ء سے پہلے دستیاب نہیں ہو سکیں گی، جبکہ تیز رفتار منظوری کا نظام متعارف کرانے سے زیادہ پیداوار دینے والی اقسام 2028ء تک کاشت کاروں کو فراہم کی جا سکتی ہیں۔
اگرچہ اس اقدام کا بظاہر مقصد نئی اقسام کی دستیابی میں تاخیر ختم کرنا ہے، تاہم بنیادی سوال یہ ہے کہ مجوزہ مختصر طریقہ کار کے تحت سائنسی جانچ، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی زرعی حالات سے مطابقت کے تقاضے کس حد تک پورے کیے جا سکیں گے۔
موجودہ قانونی نظام کے تحت کپاس کے بیج کی براہ راست تجارتی درآمد پر پابندی ہے۔ تجرباتی یا تحقیقی مقاصد کے لیے بھی پوسٹ انٹری قرنطینہ نظام کے ذریعے صرف ایک کلوگرام بیج محدود مقدار میں درآمد کیا جا سکتا ہے، جہاں اسے ایک فصل کے سیزن یا زیادہ سے زیادہ ایک سال تک نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔
اس کے بعد نیشنل بائیو سیفٹی کمیٹی کی نگرانی میں محفوظ اور محدود ماحول کے اندر بیج کے جینیاتی اور حیاتیاتی تحفظ سے متعلق خطرات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ حیاتیاتی تحفظ کی منظوری ملنے کے بعد ہی وفاقی محکمہ برائے بیج تصدیق و رجسٹریشن کے تحت قومی سطح پر آزمائشی کاشت اور اقسام کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوتا ہے۔ ان مراحل کا مقصد حیاتیاتی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اس کے برعکس مجوزہ تیز رفتار منظوری کے طریقہ کار میں موجودہ سات سالہ عمل کو کم کرکے 12 سے 18 ماہ تک محدود کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے تحت لیبارٹری ٹیسٹنگ کے ذریعے بائیو سیکیورٹی کا مرحلہ 15 روز میں مکمل کرنے، موجودہ طریقہ کار کی جگہ نیا نظام متعارف کرانے، حیاتیاتی تحفظ اور قومی سطح پر پیداوار کے آزمائشی تجربات بیک وقت کرنے اور حتمی منظوری کے لیے درکار وقت کم کرنے کا منصوبہ ہے۔
تاہم منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی کسی بھی تجویز میں متعلقہ قوانین اور ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔ پلانٹ کوارنٹائن رولز اور حیاتیاتی تحفظ سے متعلق قوانین کے تحت تجرباتی مقاصد کے لیے بیج محدود مقدار میں درآمد کیا جا سکتا ہے۔ تاہم تجارتی درآمد اور کاشت کے لیے جامع پیسٹ رسک اینالیسس (زرعی حشرات و بیماریوں سے لاحق خطرات کا تجزیہ)، حیاتیاتی تحفظ کے آزمائشی تجربات اور قومی منظوری کے تمام مراحل مکمل کرنا لازمی ہے۔
ان قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر درآمدی اقسام کو تجارتی بنیادوں پر کاشت کے لیے متعارف کرانے کی کوشش قواعد کی خلاف ورزی بن سکتی ہے اور اس سے ماحولیاتی و حیاتیاتی تحفظ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ تمام مجوزہ اقدامات موجودہ قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کیے جائیں گے اور سائنسی جانچ، بائیو سیکیورٹی اور بائیو سیفٹی کے مطلوبہ معیارات برقرار رکھے جائیں گے۔ دوسرے لفظوں میں، تیز رفتار منظوری کی تجویز کا مقصد موجودہ ضابطہ جاتی نظام کے تقاضوں کو نظرانداز کرنا نہیں بلکہ اسی نظام کے اندر غیر ضروری پیچیدگیاں ختم کرکے عمل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔
اس کے باوجود منظوری کے عمل میں تیزی لانے سے اہم سائنسی اور ماحولیاتی خدشات بھی جنم لیتے ہیں۔ سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ مدت کم کرنے سے کھیتوں میں جامع قرنطینہ اور ماحول پر طویل مدتی اثرات کے جائزے کا عمل متاثر ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں بیج کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں یا نقصان دہ حشرات کی نئی اقسام ملک میں داخل ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
لیبارٹری ٹیسٹ مخصوص بیماریوں اور خطرات کی نشاندہی میں مؤثر ہوتے ہیں، تاہم انہیں مختلف ماحولیاتی حالات میں کھیتوں کے اندر ہونے والی آزمائشوں کا مکمل متبادل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اسی طرح محدود مدت کے تجربات سے کسی نئی قسم کی طویل مدتی پیداواری صلاحیت، ماحولیاتی حالات سے مطابقت اور بیماریوں کے خلاف دیرپا مزاحمت کا جامع جائزہ لینا ممکن نہیں ہوتا۔
اس ضمن میں 2010ء میں منظور کی جانے والی ہائبرڈ قسم جی ایم 2085 کا معاملہ بھی قابل ذکر ہے۔ قومی سطح پر آزمائشی تجربات میں حوصلہ افزا نتائج دینے کے باوجود درآمدی پابندیوں اور دیگر رکاوٹوں کے باعث یہ قسم تجارتی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ یہ تجربہ اس امر کی یاد دہانی ہے کہ محض منظوری کافی نہیں ہوتی بلکہ مؤثر عمل درآمد اور مسلسل نگرانی بھی اتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں۔
پاکستان کے کپاس پیدا کرنے والے علاقوں کے زرعی اور موسمی حالات میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ جنوبی پنجاب اور سندھ کے کپاس کے علاقوں میں درجہ حرارت اکثر 42 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، جبکہ رات کے وقت بھی درجہ حرارت 30 ڈگری سے زیادہ رہتا ہے۔
ایسے حالات زیرے کی زرخیزی کو متاثر کرنے کے ساتھ پھول جھڑنے کے عمل میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ سندھ کی شور زدہ زمینیں، پانی کے معیار میں فرق اور مختلف علاقوں میں حشرات و بیماریوں کا دباؤ بھی درآمدی اقسام کی کارکردگی پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے۔ اس لیے چین، ایتھوپیا اور دیگر ممالک سے متعارف کرائی جانے والی اقسام کی مقامی حالات میں کارکردگی جانچنے کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں میں آزمائشی کاشت ناگزیر ہے۔
کسی دوسری ملک میں غیر ملکی قسم کی کامیابی اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ پاکستان میں بھی اسی طرح کے نتائج دے گی۔ بالخصوص گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت اور کپاس کے پتہ مروڑ وائرس (سی ایل سی یو وی)، سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے خلاف مزاحمت کا مختلف زرعی علاقوں اور متنوع موسمی حالات میں جائزہ لینا ضروری ہے۔
انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی (آئی سی اے سی) کے تازہ ترین دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں روئی کی اوسط قومی پیداوار تقریباً 734 کلوگرام فی ہیکٹر ہے، جو چین کی اوسط پیداوار کے تقریباً ایک تہائی کے برابر ہے۔ یہ نمایاں فرق بہتر جینیاتی مواد اور زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل اقسام متعارف کرانے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
تاہم درآمدی اقسام سے مطلوبہ پیداواری فوائد حاصل کرنے کا انحصار بنیادی طور پر مقامی زرعی حالات سے ان کی مطابقت پر ہے۔ اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں پیداوار کے فرق کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
سندھ میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار پنجاب سے زیادہ ہے اور بعض بین الاقوامی جائزوں میں بھی یہ بہتر کارکردگی دکھاتی ہے۔ اس کے برعکس پیداواری صلاحیت کا زیادہ سنگین مسئلہ پنجاب میں درپیش ہے، جہاں حشرات کے حملوں، بیماریوں اور موسمی دباؤ کی شدت زیادہ ہے۔ اس لیے تیز رفتار منظوری کے تحت متعارف کرائی جانے والی اقسام کی بھی ہر علاقے کے مخصوص حالات کے مطابق جانچ ضروری ہے، تاکہ کسی ایک قسم کو بلاامتیاز پورے ملک میں کاشت کے لیے تجویز نہ کیا جائے۔
ایک اور اہم پہلو مقامی طور پر نئی اقسام تیار کرنے کے پروگراموں کا تسلسل اور قومی تحقیقی صلاحیت کا تحفظ ہے۔ درآمدی جینیاتی مواد تک رسائی ملکی تحقیق کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم مقامی طور پر نئی اقسام تیار کرنے کے پروگراموں، جین بینکوں اور پاکستان کے زرعی ماحول سے مطابقت رکھنے والی نئی اقسام کی تیاری پر بھی یکساں توجہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔
درآمدی اقسام پر حد سے زیادہ انحصار ملکی تحقیقی اداروں کی ترقی سست کر سکتا ہے اور ملک کے جین بینک کے وسائل کو بھی کمزور کر سکتا ہے۔ اس توازن کو برقرار نہ رکھنے کی صورت میں پاکستان کی طویل مدتی تحقیقی صلاحیت اور بیج کے معاملے میں خود کفالت متاثر ہو سکتی ہے۔ زیادہ مؤثر حکمت عملی یہ ہوگی کہ درآمدی جینیاتی مواد کو مقامی طور پر اقسام کی تیاری کے پروگراموں کی معاونت اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جائے، تاکہ طویل مدت میں ملک اپنی ضرورت کے بیج خود تیار کرنے کی صلاحیت برقرار رکھ سکے۔
منظوری ملنے کے بعد درآمدی اقسام کی مسلسل نگرانی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ مختلف زرعی علاقوں میں ان کی پیداواری کارکردگی، بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور ماحولیاتی حالات سے مطابقت کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جانی چاہیے۔ اس طرح متعدد فصلوں کے سیزنز کے نتائج کی بنیاد پر ان کی حقیقی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے گا اور ممکنہ مسائل کی بروقت نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔
تیز رفتار منظوری کا طریقہ کار متعارف ہونے کے باوجود پاکستان کے مختلف علاقوں میں کم از کم دو فصلوں کے سیزنز تک آزمائشی کاشت لازمی قرار دی جانی چاہیے۔ مزید برآں، منظوری کے بعد کم از کم تین سال تک باضابطہ نگرانی کا نظام برقرار رہنا چاہیے، تاکہ کسی بھی منفی اثر کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
بلاشبہ بہتر جینیاتی مواد تک رسائی پاکستان کے کپاس کے شعبے کی بحالی کے لیے اہم ہے۔ تاہم درآمدی بیج کی منظوری کا عمل تیز کرنے سے ہی کپاس کی صنعت کو درپیش تمام بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
تیز رفتار منظوری کی تجویز بذات خود نقصان دہ نہیں ہے۔ تاہم اس کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ اس پر عمل درآمد کس انداز میں کیا جاتا ہے۔ اگر ضروری سائنسی جانچ برقرار رکھتے ہوئے موجودہ قانونی دائرہ کار کے اندر غیر ضروری انتظامی تاخیر ختم کر دی جائے تو یہ اقدام فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
اصل ترجیح ایسی اقسام کی دستیابی ہونی چاہیے جو پاکستان کے متنوع زرعی اور موسمی حالات میں مستحکم پیداوار دینے کے ساتھ کاشت کاروں کے لیے منافع بخش بھی ثابت ہوں۔
منظوری کا دورانیہ سات سال سے کم کرکے 12 سے 18 ماہ تک محدود کرنے کی کسی بھی کوشش میں سائنسی جانچ، ماحولیاتی تحفظ اور ملکی تحقیقی صلاحیت کو برقرار رکھنے کو یکساں اہمیت دینا ہوگی۔ صرف اسی صورت میں درآمدی بیج کے فوائد ابتدائی پیداواری بہتری تک محدود رہنے کے بجائے پاکستان کے کپاس کے شعبے میں پائیدار ترقی کا ذریعہ بن سکیں گے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026ء





















Comments