خلیج میں ٹینکر پر مشتبہ میزائل حملے میں بحری جہاز کا ایک اہلکار ہلاک
- خلیج میں تیل بردار جہاز پر مشتبہ میزائل حملے اور دھماکے کے نتیجے میں ایک بحری اہلکار ہلاک، فوری تحقیقات شروع کر دی گئیں
خلیج میں جمعرات کے روز تیل بردار جہاز پر میزائل حملے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے ایک بحری اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ جہاز کی انتظامی کمپنی نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ دھماکا مبینہ طور پر میزائل حملے کے باعث ہوا تھا۔
یونانی انتظامی کمپنی ویلوس ٹینکرز کے مطابق مارشل آئی لینڈز کا پرچم بردار ٹینکر ایم ٹی ویلوس سیفائر بحرین کی جانب خالی حالت میں سفر کر رہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔
ویلوس ٹینکرز نے اپنے بیان میں کہا، ’’کمپنی کو اپنے ایک بحری اہلکار کی ہلاکت کی اطلاع دیتے ہوئے شدید دکھ ہے، جو دھماکے کے بعد ابتدائی طور پر لاپتہ قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں جہاز پر شدید زخمی حالت میں ملا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔‘‘
کمپنی نے مزید بتایا کہ دھماکے کے باعث جہاز میں آگ لگ گئی تھی، جس پر عملے نے قابو پا لیا۔ عملے کے کسی دوسرے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی سمندر میں تیل یا کسی دوسرے آلودہ مادے کے اخراج کی کوئی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
کمپنی کے مطابق جہاز کو بحرین کی خلیفہ بن سلمان بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں واقعے کی تحقیقات شروع کی جائیں گی۔ جہاز کے بیرونی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت اور شدت کا جائزہ تاحال لیا جا رہا ہے۔

























Comments