بمبارڈیئر امریکا میں 27 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، ٹرمپ
- بمبارڈیئر کنساس کے شہر وِچیٹا میں تقریباً 1,500 افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ کینیڈا کی طیارہ ساز کمپنی بمبارڈیئر امریکا میں 27 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔ یہ اعلان کمپنی پر امریکا میں پابندی عائد کرنے کی دھمکی واپس لینے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ اس سرمایہ کاری سے کنساس، ٹیکساس اور انڈیانا میں ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے اس معاہدے میں ری پبلکن سینیٹر راجر مارشل اور ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کین پیکسٹن کے کردار کو سراہا۔
بمبارڈیئر کنساس کے شہر وِچیٹا میں تقریباً 1,500 افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہے۔ گزشتہ ہفتے کمپنی نے وِچیٹا میں 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، تاہم ٹرمپ کی جانب سے بیان کردہ اضافی سرمایہ کاری کی تفصیلات پر تبصرے کے لیے کمپنی نے درخواست کا جواب نہیں دیا۔
فروری میں ٹرمپ نے حریف کمپنی گلف اسٹریم ایرو اسپیس کے ساتھ سرٹیفکیشن کے تنازع پر بمبارڈیئر کے طیاروں کی منظوری منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ تاہم یہ دھمکی عملی شکل اختیار نہ کرسکی، کیونکہ ٹرانسپورٹ کینیڈا نے بالآخر طیارے کی منظوری دے دی۔






















Comments