پاک، انگلینڈ ون ڈے: پی سی بی کا 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کا دن منانے کا اعلان
- اتوار کو ون ڈے انٹرنیشنل کے موقع پر لاہور کا قذافی اسٹیڈیم گلابی رنگ میں رنگ جائے گا
اتوار 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل کے موقع پر لاہور کا قذافی اسٹیڈیم گلابی رنگ میں رنگ جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس موقع پر اپنی سماجی ذمہ داریوں کے تحت چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منائے گا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی سیریز کا چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بریسٹ کینسر سے آگاہی کے نام کیا گیا ہے ۔25 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے ساتھ میچ میں خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی کٹ پہنے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔ میچ میں پنک سٹمپس استعمال ہوں گی جبکہ سٹیڈیم کی سکرینز اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔ میچ کے آغاز سے دو گھنٹے قبل قذافی سٹیڈیم میں پنک ربن مہم کی خصوصی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔
پاکستان کرکٹرز خصوصی ویڈیو پیغامات کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کریں گے۔ پی سی بی نے پنک ربن مہم کے لیے خصوصی پنک شرٹس بھی متعارف کروا دی ہیں۔ خصوصی شرٹس 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔ پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ ہسپتال لاہور میں 24 اور 26 اکتوبر کو شائقین کے لیے مفت سکریننگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید نے کہاکہ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور بروقت تشخیص اور سکریننگ کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پنک ربن پاکستان عمر آفتاب نے کہاکہ پی سی بی کے ساتھ اشتراک سے لاکھوں افراد تک چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا پیغام پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا موقع ملے گا۔





















Comments