پاکستان میں مالی سال 2027ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 43 فیصد اضافہ
- ستمبر 2026ء میں گاڑیوں کی فروخت میں تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی
مالی سال 2027ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 43 فیصد اضافہ ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، معاشی صورتِ حال میں بہتری کے باعث گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہوا۔
جولائی سے ستمبر 2026ء کے دوران گاڑیوں کی فروخت 43 فیصد بڑھ کر 41 ہزار 872 یونٹس ہوگئی، جبکہ جیپوں اور پک اَپس کی فروخت 34 فیصد کمی کے بعد 8 ہزار 608 یونٹس رہی۔ ٹرکوں کی فروخت میں 53 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2 ہزار 516 یونٹس تک پہنچ گئی۔
تاہم، بسوں کی فروخت 5 فیصد کم ہوکر 211 یونٹس رہ گئی، جبکہ زرعی ٹریکٹروں کی فروخت 38 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 109 یونٹس ہوگئی۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے منگل کی شام جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، موٹر سائیکلوں اور رکشوں سمیت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت 28 فیصد اضافے کے بعد 5 لاکھ 53 ہزار 994 یونٹس ہوگئی۔
تاہم، ستمبر 2026ء میں گاڑیوں کی فروخت ستمبر 2025ء کے 12 ہزار 126 یونٹس کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد کم ہوکر 10 ہزار 939 یونٹس رہ گئی۔
مالی سال 2027ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت کے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے پاما کے ڈائریکٹر جنرل رازی الرحمٰن نے ایک بیان میں کہا، ’’فروخت میں یہ نئی تیزی مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور معاشی صورتِ حال میں بہتری کے باعث آئی ہے۔ مالی سال 2027ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران صنعت کے مختلف شعبوں میں فروخت کے رجحانات مختلف رہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’اگرچہ مجموعی طور پر صنعت میں گاڑیوں کی فروخت بتدریج بحال ہورہی ہے، تاہم مارکیٹ کے فریقین میں ہچکچاہٹ واضح ہے۔ اصل ساز ادارے (او ای ایمز) اور خریدار، دونوں سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں۔ آٹو پالیسی کے بارے میں غیر واضح صورتِ حال بدستور مارکیٹ کے رجحان پر حاوی ہے۔‘‘























Comments