ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اسپتال داخل، طبی نگرانی جاری
- 101 سالہ مہاتیر محمد کو منگل کی رات کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں طبی نگرانی کے لیے داخل کیا گیا
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے، ان کے دفتر نے بدھ کو بتایا، یہ پیش رفت ان کی اہلیہ سیتی حسما محمد علی کے انتقال کے دو روز بعد سامنے آئی ہے۔
101 سالہ مہاتیر محمد کو منگل کی رات کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں طبی نگرانی کے لیے داخل کیا گیا، تاہم ان کے معاون صوفی یوسف کے مطابق تشخیص سامنے آنے تک ان کے اسپتال میں داخلے کی وجہ واضح نہیں تھی۔
جنوب مشرقی ایشیائی ملک کی دو مختلف ادوار میں 20 سال سے زائد عرصے تک قیادت کرنے والے مہاتیر محمد کو دل کے عوارض لاحق رہے ہیں اور وہ بائی پاس سرجریاں بھی کراچکے ہیں۔
وہ حالیہ برسوں کے دوران کئی مرتبہ اسپتال میں داخل ہوچکے ہیں، جبکہ جنوری میں بھی گرنے کے بعد کولہے میں فریکچر کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ان کی اہلیہ سیتی حسما، جو ڈاکٹر اور صحت عامہ کے شعبے میں سرگرم کارکن تھیں اور جن سے مہاتیر محمد کی 70 سال تک شادی رہی، پیر کو 100 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔























Comments