بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 48 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
- ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے جمعہ کو بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی متعدد کارروائیوں میں 48 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے اضلاع میں یہ کارروائیاں ان عناصر کے خلاف کی گئیں جنہیں بھارتی سرپرستی میں سرگرم اور ’فتنۃ الہندستان‘ اور ’فتنۃ الخوارج‘ سے وابستہ عسکریت پسند قرار دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے 4 ستمبر کو دہشت گردوں کے ایک گروہ کی موجودگی کا سراغ لگا کر انہیں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ جائے وقوعہ پر موجود بڑی مقدار میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی تباہ کردیے گئے۔
کوئٹہ کے علاقے شعبان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی ایک اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 4 ٹھکانوں کا سراغ لگایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد 26 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے قلات میں بھی دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی اہلکاروں نے مقامی آبادی کے تعاون سے پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔
پاک فوج کے مطابق متاثرہ علاقوں میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ حکومت کی منظور کردہ ’عزمِ استحکام‘ حکمتِ عملی کے تحت ملک سے غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔
























Comments