پاکستان کا جولائی 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 328 ملین ڈالر ریکارڈ
- کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جون 2026 کے 814 ملین ڈالر اور جولائی 2025 کے 529 ملین ڈالر سے کم ہوگیا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے جولائی 2026 میں 328 ملین ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ریکارڈ کیا، جو جون 2026 کے 814 ملین ڈالر اور جولائی 2025 کے 529 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم ہے۔
جون کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی 649 ملین ڈالر سے بڑھا کر 814 ملین ڈالر کردیا گیا تھا۔
اس خسارے میں کمی کی بنیادی وجہ اشیا کی برآمدات میں ماہانہ 17 فیصد اور سالانہ 9 فیصد اضافہ ہے، جو بڑھ کر 3 ارب ڈالر ہوگئیں۔ یہ گزشتہ 19 ماہ میں کسی ایک ماہ کی بلند ترین برآمدی سطح ہے۔ دوسری جانب درآمدات ماہانہ بنیادوں پر تقریباً مستحکم رہیں اور 6.2 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
ٹاپ لائن ریسرچ نے ایک بیان میں کہا، ’’مجموعی طور پر کرنٹ اکاؤنٹ بدستور خسارے میں رہا، تاہم ماہانہ اور سالانہ دونوں بنیادوں پر خسارے میں نمایاں کمی آئی۔‘‘
مالی سال 2025-26 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 139 ملین ڈالر کے معمولی خسارے میں رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال میں 1.84 ارب ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ریکارڈ ترسیلاتِ زر کے باوجود گزشتہ مالی سال پاکستان کا بیرونی کھاتہ درآمدات میں اضافے کے باعث خسارے میں چلا گیا، جبکہ برآمدات بڑی حد تک جمود کا شکار رہیں۔























Comments