عادل صلاح الدین اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان کے نئے سی ای او مقرر
- تقرری ریگولیٹری منظوری سے مشروط ہے، نوٹس
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ نے عادل صلاح الدین کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے۔
بینک نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو دیے گئے نوٹس میں کہا کہ یہ تقرری ریگولیٹری منظوری سے مشروط ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہم آپ کو مطلع کرتے ہیں کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ریحان شیخ کی جگہ عادل صلاح الدین کو بینک کا نیا سی ای او اور ڈائریکٹر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ریحان شیخ اس وقت تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے جب تک کہ نئے چیف ایگزیکٹو عہدہ سنبھال نہیں لیتے۔
عادل صلاح الدین 30 سال سے زائد کا بینکنگ تجربہ رکھتے ہیں اور 25 سال سے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ گروپ کے ساتھ وابستہ ہیں۔
اس عرصے کے دوران انہوں نے مختلف خطوں میں مارکیٹس، کوریج اور ٹرانزیکشن بینکنگ میں کئی قائدانہ کردار ادا کیے ہیں۔ اگرچہ ان کی بنیادی توجہ پاکستان پر رہی لیکن عادل صلاح الدین نے یو اے ای اور سعودی عرب میں بھی کام کیا ہے جس سے انہیں مشرقِ وسطیٰ اور افریقی مارکیٹوں کی گہری سمجھ حاصل ہوئی ہے۔
بینک نے پی ایس ایکس کو دی گئی فائلنگ میں کہا کہ یہ تقرری ضروری ریگولیٹری منظوریوں اور کلیئرنسز کے حصول سے مشروط ہے۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) لمیٹڈ کو 19 جولائی 2006 کو پاکستان میں شامل کیا گیا تھا جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسے 30 دسمبر 2006 سے بینکاری کاروبار شروع کرنے کی منظوری دی۔
بینک کی حتمی ہولڈنگ کمپنی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پی ایل سی ہے جو انگلینڈ میں رجسٹرڈ ہے۔ بینک بینکنگ کمپنیز آرڈیننس 1962 کے تحت متعین بینکاری کاروبار میں مصروف ہے۔























Comments