عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی
- 25 سے 31 مئی تک شدید ہیٹ ویو کا امکان، درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا، شہری پانی کا زیادہ استعمال اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں (جو 26 مئی سے شروع ہورہی ہیں)کے دوران ملک میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔یاد رہے کہ حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر 26 سے 28 مئی تک تین روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی کو بالائی فضا میں ہوا کا شدید دباؤ پیدا ہونے کا امکان ہے جو 26 مئی کو مزید شدت اختیار کر جائے گا۔

اس سسٹم کے زیرِ اثر 25 سے 31 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں معتدل سے شدید ہیٹ ویو کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، مظفرآباد، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جو 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، باغ، راولاکوٹ، وادی نیلم، حویلی اور سدھنوتی میں بھی مینوئل درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا اور پارہ 38 سے 40 سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجوداڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، بدین، سجاول، ٹھٹہ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، میرپورخاص، جامشورو، سانگھڑ، سبی، تربت، پنجگور، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، لکی مروت، وزیرستان، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ, کوٹ ادو، سرگودھا، جوہرآباد، خوشاب، میانوالی، نورپورتھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ساہیوال میں درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جہاں پارہ 47 سے 50 سینٹی گریڈ کی ہولناک سطح کو چھو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران کراچی میں موسم انتہائی گرم رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس عرصے کے دوران رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ہیٹ ویو کے پیشِ نظر انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح 10:00 بجے سے دوپہر4 بجے تک بلا ضرورت براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
کسان بھائیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدِ نظر رکھیں اور اپنے مویشیوں کی دیکھ بھال کا بھی خاص خیال رکھیں۔
اس دوران بجلی کی طلب اور کھپت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کے منصفانہ اور کفایت شعاری سے استعمال کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو الرٹ رہنے اور ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اور ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

























Comments