موبائل فونز کی درآمدات میں 31.4 فیصد اضافہ، حجم 1.139 ارب ڈالر تک پہنچ
- جولائی تا جنوری 2025-26 موبائل فونز کی کل درآمدی مالیت روپے میں 321.137 ارب رہی
رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران 1.139 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ حجم 867.685 ملین ڈالر تھا، اس طرح موبائل فونز کی درآمدات میں 31.36 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جنوری 2025-26 موبائل فونز کی کل درآمدی مالیت روپے میں 321.137 ارب رہی جو پچھلے سال کے اسی عرصے میں 241.330 ارب روپے تھی۔
ماہانہ بنیاد پر جنوری 2026 میں پاکستان کی موبائل فون درآمدات میں 12.60 فیصد اضافہ ہوا جو دسمبر 2025 کے 159.304 ملین ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر مجموعی طور پر 179.380 ملین ڈالر رہیں۔ گزشتہ سال کے اسی مہینے (جنوری 2025) کے 134.243 ملین ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیاد پر موبائل فون کی درآمدات میں 33.62 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان نے گزشتہ مالی سال 25-2024 کے دوران 1.494 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے جو اس سے پچھلے سال (24-2023) کی 1.898 ارب ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں 21.31 فیصد کمی ظاہر کرتے ہیں۔
روپوں کے لحاظ سے مالی سال 25-2024 کے دوران موبائل فون کی درآمدات کی کل مالیت 417.351 ارب روپے رہی۔ یہ مالی سال 24-2023 کی اسی مدت کے 535.690 ارب روپے کے مقابلے میں 22.09 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
مالی سال 25-2024 کے دوران پاکستان میں ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات 2.099 ارب ڈالر رہیں جو کہ مالی سال 24-2023 کی اسی مدت کے 2.366 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11.30 فیصد کی منفی شرحِ نمو (کمی) کو ظاہر کرتی ہیں۔
مقامی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2025 (جنوری تا دسمبر) کے دوران 30.21 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار یا اسمبل کیے جبکہ اس کے مقابلے میں تجارتی بنیادوں پر درآمد کیے گئے فونز کی تعداد محض 2.37 ملین رہی۔
سرکاری اعداد و شمار سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ دسمبر 2025 کے دوران مقامی سطح پر 2.61 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار یا اسمبل کیے گئے جبکہ اس کے مقابلے میں تجارتی بنیادوں پر درآمد کیے گئے فونز کی تعداد محض 0.33 ملین رہی۔
کیلنڈر سال 2025 کے دوران مقامی پلانٹس میں تیار ہونے والے مجموعی 30.21 ملین موبائل ہینڈ سیٹس میں 15.64 ملین اسمارٹ فونز اور 14.57 ملین ٹوجی فونز (بٹن والے فون) شامل تھے۔
مزید برآں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈیٹا کے مطابق، پاکستانی نیٹ ورک پر موجود موبائل ڈیوائسز میں 71 فیصد اسمارٹ فونز ہیں جبکہ 29 فیصد ٹوجی ڈیوائسز ہیں۔






















Comments