پاکستان اور امریکہ کے درمیان 13ویں مشترکہ مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 خیبر پختونخوا کے علاقے پبی میں واقع نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) میں شروع ہوگئیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انسدادِ دہشتگردی سے متعلق یہ مشق دو ہفتے تک جاری رہے گی جس میں پاکستان اور امریکہ کی افواج کے پیشہ ور دستے حصہ لے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں دونوں ملکوں کے حکام نے شرکت کی
اس مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو بڑھانا اور موثر کارروائیوں کیلئے ضروری حکمت عملیوں، تکنیکوں اور طریق کار کو مزید بہتر بنانا ہے، اس دوران شہری ماحول میں جنگ کے دوران نشانہ بازی کی مہارتوں کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے آپریشنل نظریات اور بہترین پیشہ ورانہ طریقوں کو سمجھنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کی مشترکہ تربیتی مشقیں ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، پیشہ ورانہ فوجی معیارات کو بہتر بنانے اور انسدادِ دہشت گردی کے پیچیدہ ماحول میں کارروائی کے لیے دونوں افواج کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ انسپائرڈ گیمبٹ 2026 امن و استحکام کے لیے پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کوششوں کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔



















Comments